اسلام آباد: انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث ملزم گرفتار، 21 پاسپورٹس برآمد
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل اسلام آباد نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت اسد عباس کے نام سے ہوئی جسے تھانہ سیکرٹریٹ کی حدود میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 21 پاسپورٹس برآمد کیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم اسد عباس بغیر لائسنس شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث تھا۔ ملزم برآمد شدہ پاسپورٹس کے حوالے سے کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی؛ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک اشتہاری ملزم ہلاک
راولپنڈی:کلرسیداں کے علاقے بائی پاس روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک اشتہاری ملزم ہلاک جبکہ دو ساتھی فرار ہوگئے۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ریڈنگ ٹیم پر خطرناک اشتہاری ملزمان نے فائرنگ کی اور اس دوران ایک ملزم ہلاک اور دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ہلاک شخص کی شناخت زعفران عرف علی باغی کے نام سے ہوئی، جو سنگین مقدمات، بھتہ خوری جبکہ قتل و اقدام قتل کی وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ و مطلوب تھا۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ٹیم نے اشتہاری ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کی۔ واقعے کی اطلاع پر سینیئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ ہلاک اشتہاری ملزم کے ساتھیوں کا تعاقب جاری ہے۔
خطرناک اشتہاری ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر ایس ایس پی سی سی ڈی نے ڈی ایس پی سی سی ڈی، ایس ایچ او سی سی ڈی اور سی سی ڈی ٹیم کو شاباش دی۔
ایس ایس پی سی سی ڈی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان ومال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔