ہائیکورٹ میں بلاول بھٹو کی نااہلی کیلئے درخوست دائر
اشاعت کی تاریخ: 21st, May 2025 GMT
لاہور (خبر نگار، نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر خارجہ اور رکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔ اشبا کامران نے درخواست میں موقف اپنایا کہ بلاول بھٹو زرداری بیک وقت پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے رکن ہیں، الیکشن ایکٹ کے تحت بیک وقت دو سیاسی جماعتوں کی رکنیت نہیں رکھی جا سکتی۔ بلاول بھٹو الیکشن ایکٹ کے تحت رکن قومی اسمبلی نہیں رہ سکتے، استدعا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کو بلاول بھٹو زرداری کی اسمبلی سے رکنیت سے نااہلی کیلئے ریفرنس بھیجنے کی ہدایت کی جائے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق سابق وزیراعظم، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے ہائیکورٹ میں چیئرمین بلاول بھٹو کے خلاف رٹ پٹیشن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے خلاف عدالتوں میں سیاست کرنے والے ان کی عوامی پذیرائی سے خوفزدہ ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کے خلاف پٹیشن بدنیتی پر مبنی ہے۔ یہ عناصر جعلی رٹ پٹشنوں کے نام پر عدلیہ کا وقت ضائع کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو کے بطور چیئرمین انتخاب کی توثیق الیکشن کمشن بھی کر چکا ہے۔ گمراہ کن پٹیشن کا مقصد سیاست کو آلودہ کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ پیپلز پارٹی کی نوجوان قیادت کو ایسے منفی ہتھکنڈوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی بلاول بھٹو
پڑھیں:
فارم 47 والا ڈرامہ نہیں چلے گا، ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونگے: پرویز اشرف
مبڑیال، لاہور (نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پی پی پی کے سینئر رہنما قمر الزمان کائرہ سمبڑیال میں پیپلز پارٹی کے امیداوار کی الیکشن مہم کے سلسلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ امانت ہے ووٹ کو اہل امیدوار کے سپرد کریں۔ حلقہ پی پی 52 سمبڑیال سے پیپلزپارٹی ضمنی انتخاب بھرپور طریقے سے لڑرہی ہے جس کیلئے زور و شور سے انتخابی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ الیکشن میں فارم 47 والا ڈرامہ نہیں چلنے دیں گے، یکم جون کو پی پی کی جیت ہو گی حلقہ کے عوام ووٹ دینے سے قبل پیپلزپارٹی کی حقیقی خدمات اور قربانیوں کو سامنے رکھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمبڑیال کے محلہ واٹر ورکس میں ملک برادران کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری امتیاز صفدر وڑائچ،، چوہدری اعجاز سماں، آصف بھاگٹ، پیپلز پارٹی پی پی 52 کے امیدوار راحیل کامران چیمہ، پیپلزپارٹی سمبڑیال کے سٹی صدر چوہدری احسن ظفر گھمن، سٹی جنرل سیکرٹری چوہدری کاشف گجر، ملک شعیب صد یق، ملک شبیر، ملک حق نواز شیخ شبیر سفیر، ، زوہیب مہر، راجہ افضال سمیت جیالوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پی پی 52 سیالکوٹ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ نے ضمنی الیکشن میں پولیس گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی پولیس ہمارے کارکنوں کو ہراساں اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار کر رہی ہے۔ ایس ایچ او سمبڑیال نے ن لیگ کے کہنے پر ہمارے کارکنوں کو حبس بیجا میں رکھا ہوا ہے۔ راحیل کامران چیمہ نے مزید کہا کہ ہمارے کارکن رہا نہ ہوئے تو تھانے کے سامنے دھرنا دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکام بالا الیکشن کمشن اور ڈی پی او سیالکوٹ میرے مغوی کزن کو بازیاب کرائیں۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی مینارٹی ونگ پنجاب کے نائب صدر ایڈون سہوترا نے بھی اپنی ٹیم کے ساتھ راحیل کامران چیمہ کی انتخابی مہم شروع کر دی۔