خیرپور: کاروکاری کے تنازع پر تصادم، 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 24th, June 2025 GMT
ضلع خیرپور میں کاروکاری کے تنازع پر جاگیرانی برادری کے دو گروپوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت زبیر جاگیرانی، ثناء اللہ جاگیرانی، آفتاب اور سہیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان دو ماہ سے تنازع جاری تھا جو آج شدید تصادم کی صورت اختیار کر گیا۔ علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جس سے شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور معمولات زندگی معطل ہو گئے۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے نفری تعینات کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں اسکول کے قریب دھماکا، 54 افراد زخمی
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جمعہ کے روز ایک اسکول کے قریب ہونے والے دھماکے میں کم از کم 54 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
جکارتہ پولیس کے سربراہ آسیپ ایڈی سوہیری نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکا شہر کے ایک ہائی اسکول کے قریب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق 54 افراد متاثر ہوئے جن میں سے کچھ کو معمولی، کچھ کو درمیانے درجے کے زخم آئے جبکہ بعض افراد کو اسپتال سے فارغ بھی کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر تفتیش میں مصروف ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس چیف کے مطابق دو اسپتالوں میں متاثرہ افراد کے لواحقین کی مدد کے لیے خصوصی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ “یہ واقعہ ابھی پیش آیا ہے، اس لیے تحقیقات جاری ہیں۔”