ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے اور مسلسل ایئر کنڈشنرز کی خرابی سے ریلوے مسافر رل گئے
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
لاہور:
پاکستان ریلویز اپنے تمام تر اقدامات کے باوجود ملک بھر کے لیے چلنے والی مسافر اور مال بردار ٹرینوں کو ڈی ریل ہونے اور دوران سفر ایئر کنڈشنرز خراب ہونے کے باعث مسافروں کو باحفاظت منزل مقصود پر پہنچانے میں ناکام ہے۔
ریل گاڑی پاکستان ریلویز کی ہو یا نجی شعبے کے تعاون سے چلائی جانے والی ٹرین، اسکا ڈی ریل ہونا وار تاخیر کا شکار ہونا معمول بن چکا ہے جبکہ مسافر شدید گرمی میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
پاکستان ریلویز سے ملنے والے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں دس سے زائد ریل گاڑیاں پٹڑی سے اترنے کے باعث حادثات کا شکار ہوئیں۔ خوشحال خان خٹک ٹرین کندھ کوٹ کے مقام پر پٹڑی سے اتر گئی جبکہ لاہور سے سیالکوٹ، وزیر آباد چلنے والی سیالکوٹ ایکسپریس حادثے کا شکار ہوئی۔ پاکستان ریلوے نے سیالکوٹ ایکسپریس کا کچھ دن قبل ہی افتتاح کیا تھا۔
اسی طرح علامہ اقبال ایکسپریس واشنگ کے لیے سیالکوٹ سے وزیرآباد آ رہی تھی کہ پٹڑی سے اتر گئی جبکہ ملتان سے راولپنڈی جانے والی مہر ایکسپریس کوٹ ادو جنکشن یارڈ میں ڈی ریل ہوگئی۔ دوسری جانب پاکستان ریلوے کی پریشان کن سروس کے باعث کراچی اور لاہور کے مابین چلنے والی پاک بزنس ایکسپریس کے اے سی خراب ہوگئے۔ اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ میں سفر کرنے والے مسافر گرمی میں رل گئے۔
پلیٹ فارم سے نکلتے ہی سسٹم ٹرپ کر گیا، مسافروں نے چین روک کر گاڑی کو بریک لگوا دی اور احتجاج بھی کیا۔ خستہ حال کوچز اور خراب اے سی مسافروں کی پریشانی کا باعث بننے لگے جبکہ مال بردار ٹرین بھی ڈی ریل ہو رہی ہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق ریلوے کا اسٹرکچر اور بوگیاں خستہ حالی کا شکار ہیں، ریلوے انتظامیہ اپنے سسٹم کو وقت کے ساتھ ساتھ اَپ گریڈ نہیں کر پائی۔ ریل گاڑیوں کے ایئر کنڈشنرز خراب ہونے پر وفاقی وزیر ریلوے نے ایک سے دو دن کے لیے افسران کے دفاتر کے ایئر کنڈشنرز بھی سزاء کے لیے بند کروائے مگر اس کے باوجود بہتری نہیں آئی۔
دوسری جانب، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا ہے بہتری لا رہے ہیں اور ریلوے اسٹیشن کی صفائی ستھرائی پر بھر پور توجہ ہے، ساڑھے تین سو ارب روپے سے سسٹم کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ مسافروں کو وسائل میں رہتے ہوئے بھرپور سہولیات فراہم کر رہے ہیں، کوچوں کی کمی ہے اس کو بھی دور کریں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایئر کنڈشنرز کا شکار پٹڑی سے کے لیے ڈی ریل
پڑھیں:
جامشورو، کوٹری اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کا انجن پٹڑی سے اتر گیا، ڈاؤن ٹریک بند
کوٹری:کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کا انجن اچانک ٹریک سے اتر گیا، جس کے باعث کراچی جانے والا ریلوے ڈاؤن ٹریک مکمل طور پر بند ہو گیا۔
حادثے کے بعد ریلوے حکام نے فوری طور پر انجن کو ٹرین سے الگ کر کے بحالی کا کام شروع کر دیا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کے باعث حیدرآباد سے کراچی جانے والی تمام مسافر گاڑیاں جن میں خیبر میل ایکسپریس، ذکریا ایکسپریس اور دیگر شامل ہیں کو حیدرآباد اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔
حادثے کے مقام پر چار گھنٹے بعد کرین کی مدد سے انجن کو ٹریک پر واپس لانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور ابتدائی اندازے کے مطابق بحالی میں دو گھنٹے درکار ہوں گے۔
واقعہ کے باعث پنجاب سے کراچی جانے والی کئی مسافر گاڑیاں بھی متاثر ہوئی ہیں، جنہیں حیدرآباد اسٹیشن پر عارضی طور پر کھڑا کیا گیا ہے۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق انجن کی بحالی کے بعد متاثرہ ٹریک کو فوری طور پر کلیئر کر دیا جائے گا تاکہ ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہو سکے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔