مسلم لیگ ن نے کےپی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کو چیلنج کردیا
اشاعت کی تاریخ: 4th, July 2025 GMT
—فائل فوٹو
مسلم لیگ ن نے خیبر پختون خوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کو چیلنج کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
مسلم لیگ نواز نے پشاور کی عدالت عالیہ میں مخصوص نشستوں کےحصول کے لیے درخواست دائر کردی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ جے یو آئی (ف) کو 7 جنرل نشستوں پر 10 مخصوص نشستیں دی گئیں ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی بھی 7 نشستیں ہیں اور مسلم لیگ نواز کو 8 مخصوص نشستیں دی گئی ہیں۔
خیبر پختون خوا اسمبلی کے افتتاحی اجلاس سے پہلے بے نظمی دیکھنے میں آئی، ارکانِ اسمبلی کے اسمبلی ہال میں داخلے کے دوران دھکم پیل ہوئی ہے۔
ن لیگ نے 6 جنرل نشستیں جیتیں، بعد میں ایک آزاد ایم پی اے بھی شامل ہوا، مسلم لیگ ن کو 6 جنرل نشستوں کے تناسب سے مخصوص نشستیں دی گئیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا مخصوص نشستوں کا اعلامیہ کالعدم قراردیا جائے، عدالت مخصوص نشستوں کی دوبارہ تقسیم سے متعلق احکامات جاری کرے اور حتمی فیصلے تک مخصوص نشستوں پر حلف سے روکا جائے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: مخصوص نشستوں مسلم لیگ ن
پڑھیں:
خیبر پختونخوا بار کونسل کے انتخابات میں ملگری وکیلان 13 نشستوں پر کامیاب
پشاور:پشاور میں خیبر پختونخوا بار کونسل کے 28 نشستوں کے غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق اے این پی سے وابستہ ملگری وکیلان نے برتری حاصل کرتے ہوئے 13 نشستیں اپنے نام کرلی ہیں۔
پشاور، مردان، صوابی، سوات اور کرک سے بھی ملگری وکیلان کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔
پشاور کی سات نشستوں میں سے ملگری وکیلان نے چار، انصاف لائرز فورم نے دو جبکہ ایک آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق ملگری وکیلان کے حضر حیات نے سب سے زیادہ 926 ووٹ حاصل کیے جبکہ فضل واحد نے 893 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
انصاف لائرز فورم کی صوفیہ نورین نے 880 ووٹ اور علی زمان نے 875 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ملگری وکیلان کے رفیق مہمند نے 861 ووٹ حاصل کیے، جبکہ آزاد امیدوار محمد سعید 828 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ ملگری وکیلان کے بابر خان یوسفزئی نے بھی 792 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی۔
دیگر اضلاع میں بھی ملگری وکیلان نے اپنی برتری برقرار رکھی۔ مردان، صوابی، سوات اور کرک سے ان کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
پیپلز لائر فورم کے سعید حکیم نے بونیر جبکہ حشمت نے ڈیرہ اسماعیل خان سے کامیابی حاصل کی۔ جمعیت لائر فورم کے فواد خان اور وقارالملک نے اپنی اپنی نشستوں پر میدان مار لیا۔ مسلم لائر فورم کے حمایت یافتہ محمد علی خان ایبٹ آباد سے کامیاب ہوئے، جب کہ چترال سے اسلامک لائر فورم کے اکرام حسین کامیاب قرار پائے۔ آزاد امیدواروں میں فدا گل آفریدی اور محمد سعید نمایاں رہے۔
صوبے بھر میں بار کونسل انتخابات کے نتائج کے مطابق اس بار ملگری وکیلان نے واضح برتری حاصل کی ہے جبکہ دیگر فورمز کو محدود کامیابیاں مل سکیں۔