حمیرا اصغر کی لاش تقریباً 9 ماہ پرانی ہونے کا انکشاف، کیس معمہ بن گیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان اتحاد میں واقع فلیٹ سے ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش تقریباً 9 ماہ پرانی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد کیس معمہ بن گیا اور کئی سوالات کھڑے ہوگئے، پولیس نے رات گئے فلیٹ کو ڈی سیل کرکے مزید شواہد اکھٹا کیے لیکن کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہ ہوسکی، آج لواحقین کا لاش وصول کرنے کا امکان ہے لیکن تاحال کوئی بھی شخص کراچی نہیں پہنچ سکا۔
ادکارہ حمیرہ اصغر علی کی موت معمہ بن گئی، لاش 6 ماہ نہیں تقریباً 9 ماہ پرانی نکلی، اداکارہ حمیرا کے والد اصغر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا، حمیرا کے گھر والے میت وصول کرنے پر رضا مند ہوگئے، جلد لاہور سے کراچی آکر میت وصول کی جائے گی۔
ڈیفنس فیز 6 میں 8 جولائی بروز منگل کے روز فلیٹ سے حمیرا اصغر کی لاش ملی تھی، کورٹ کے احکامات پر بیلف گھر خالی کرانے پہنچا جہاں حمیرا کی لاش کو پایا گیا۔
پولیس کی جانب سے فلیٹ کو مکمل طور پر سرچ کیا گیا ہے، فرج میں رکھے گئے تمام کھانے اکتوبر 2024 میعاد تک کے تھے، ماڈل حمیرہ اصغر نے بجلی کا بل بھی ادا نہیں کیا تھا۔
کے الیکٹرک کی جانب سے اکتوبر کے آخر میں ہی بجلی بھی کاٹ دی گئی تھی، فلیٹ میں کہیں پر بھی تازہ خون کے نشانات نہیں ملے، لاش اتنی پرانی تھی کہ گھٹنوں کے جوڑ بھی گل چکے تھے تاحال موت کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔
پولیس حکام کے مطابق حمیرا اصغر نے آخری مرتبہ مئی 2024 میں کرایہ ادا کیا تھا، کال ریکارڈ بھی 6 ماہ سے زائد پرانا ہے جبکہ سال 2024 اکتوبر میں حمیرہ نے آخری کال آن لائن ٹیکسی ڈرائیور سے کی تھی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ثقافت ذوالفقارشاہ نے حمیرا اصغر کی تدفین کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کا ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا ہے۔
مرحومہ کے ورثا لاش وصول نہیں کرتے تو محکمہ ثقافت حمیرا کا وارث ہوگا، صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل کلچر کو معاملے پر فوکل پرسن مقرر کردیا جبکہ اس حوالے سے سیکرٹری ثقافت سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ کو حمیرا اصغر کی لاش حوالگی کے لیے خط لکھ دیا ہے۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت کا کہنا ہے کہ حمیرا لاوارث نہیں سندھ حکومت کا محکمہ ثقافت وارث ہے، تدفین سمیت تمام مراحل محکمہ ثقافت کے ذمہ ہوں گے تاہم ہماری پہلی کوشش ہے کہ والدین راضی ہوں اورلاش وصول کریں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: حمیرا اصغر کی لاش
پڑھیں:
حمیرا اصغر کے والد نے کراچی آکر لاش وصول کرنے سے انکار کردیا، پولیس
کراچی: اداکارہ حمیرا اصغر کے گھر والوں نے کراچی آکر بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزورعلی کے مطابق مالک مکان سے حمیرا کا نمبر حاصل کیا گیا اور سی ڈی آر نکالا گیا جس کے بعد پولیس کا متوفیہ حمیرا اصغر کے والد اور بھائی سے رابطہ ہوا تاہم حمیرا کے والد نے کراچی آنے سے انکار کردیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ حمیرا کے والد کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈیڑھ سے دو سال قبل حمیرا سے قطع تعلق کرلیا تھا، ایس ایس پی نے حمیرا کے والد کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ کراچی پہنچ کرلاش وصول کریں لیکن انہوں نے دوبارہ پولیس نے رابطہ نہیں کیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ کوشش کررہے ہیں کہ گھر والے جلد از جلد آجائیں تاکہ مزید کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکے۔ پولیس کوحمیرا کے دوموبائل فونز ملے ہیں جن سے ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مہزورعلی کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم یا کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ میں کوئی مشکوک چیز سامنے آئی تو مقدمہ درج کیا جائے گا، وجہ موت کا تعین بھی پوسٹ مارٹم اورکیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ کے بعد ہی ممکن ہوسکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی جائے گی کہ مقدمہ اہلخانہ کی مدعیت میں درج ہو تاہم اگر
اہلخانہ نے انکارکیا تو پولیس اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرے گی۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزورعلی نے مزید بتایا کہ شوبز انڈسٹری سے ابھی تک کسی نے پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا جبکہ پڑوسیوں نے بھی حمیرا کو آخری مرتبہ آتے جاتے نہیں دیکھا۔ حمیرا 2024 سے مالک مکان کو کرایہ ادا نہیں کر رہی تھی جس پر مالک مکان نے ان پر کیس کر رکھا تھا۔