اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے، تمام اہم معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور کاروباری و صارفین کا اعتماد تاریخی سطح پر پہنچ چکا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں الگ الگ تقاریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ زرعی آمدنی کو ٹیکس نیٹ میں شامل کر دیا گیا ہے، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی ازسرِنو ترتیب اور توانائی شعبے کی اصلاحات کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے اور آئندہ دنوں میں توانائی کے اخراجات میں مزید کمی متوقع ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پالیسی ریٹ 23فیصد سے کم ہو کر 11فیصد پر آ گیا ہے اور مزید کمی کا امکان ہے،پاکستان سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح 145,976پوائنٹس پر پہنچ چکی ہے جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح اظہار ہے جبکہ سی ای اوز کے اعتماد میں 84فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی اصلاحات کو سراہا ہے،فچ اور ایک دوسری بین الاقوامی ایجنسی کی جانب سے ملکی ریٹنگ بہتر کی گئی ہے اور تیسری ایجنسی بھی جلد اپ گریڈ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے سے برآمدات کے نئے مواقع کھلے ہیں اور اس سال کے آخر تک پانڈا بانڈ کے اجرا کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ایک چیلنج ہے تاہم ادائیگیوں کے ساتھ یہ دباؤ کم ہوگا۔ گزشتہ سال قرضوں کی لاگت میں ایک ہزار ارب روپے کی کمی آئی اور رواں سال بھی اتنی ہی بچت متوقع ہے۔

اخراجات میں کمی کے لیے رائٹ سائزنگ کی پالیسی اپنائی گئی ہے، 43 وزارتوں اور 400 سے زائد محکموں میں اصلاحات جاری ہیں، جبکہ سول اداروں میں پنشن اصلاحات کی جا چکی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکس نظام میں موجود خامیوں کو دور کیا جا رہا ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن جاری ہے اور وزیراعظم شہباز شریف خود اصلاحاتی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکسوں کا سارا بوجھ تنخواہ دار طبقے پر نہیں ڈالا جا سکتا، اس لیے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نجکاری کے عمل کو تیز کر رہی ہے اور توانائی شعبے میں 78سال میں پہلی بار ٹیرف اصلاحات شروع کی گئی ہیں۔ توانائی کے نقصانات کم ہوئے ہیں اور بجلی کے نرخ مزید کم کرنے کے لیے ٹاسک فورس سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح حقیقت پسندانہ اور مشاورتی پالیسی سازی ہے۔ بلال کیانی کی سربراہی میں ماہانہ بنیادوں پر چیمبرز کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی تاکہ صنعتکاروں اور تاجروں کے تحفظات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم سب ایک ہی قافلے کے مسافر ہیں اور منزل ایک ہے ، پاکستان کو ایک خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنانا۔.

ذریعہ: UrduPoint

کلیدی لفظ: تلاش کیجئے انہوں نے کہا کہ ہیں اور کے ساتھ ہے اور

پڑھیں:

وزیراعظم کی کیش لیس معیشت کیلیے تمام اہداف مقررہ مدت میں حاصل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کیش لیس معیشت کے لیے تمام اہداف مقررہ مدت میں حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کیش لیس معیشت کے جاری اقدامات پر جائزہ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت  ہوا، جس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شیزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو وزیراعظم کے کیش لیس معیشت کے ویژن کے تحت حکومتی اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی اور گیس کے بلز کی ادائیگی کے لیے راست QR کوڈز کے ذریعے نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس سے اربوں روپے کے بلز اب ڈیجیٹل طور پر ادا کیے جا رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس کے قیام پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ یہ والٹس رواں ماہ کے اختتام تک مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے اور مستحقین کو آئندہ قسط انہی کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں سرکاری سروسز کے حصول کے لیے قائم موبائل ایپلی کیشن کو راست کے نظام کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے جب کہ ادائیگیاں بھی اسی پلیٹ فارم کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔ نئے کاروبار کے لائسنس کے اجرا کو ڈیجیٹل ادائیگیوں سے مشروط کیا گیا ہے اور شہر بھر میں موجود تمام دکانوں پر راست QR کوڈز کے ذریعے ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں ڈیجیٹل بینکوں کے قیام کے لیے لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ان اقدامات کی بدولت ملک کی 68 فیصد آبادی کی مالی شمولیت (فنانشل انکلوژن) ممکن ہو چکی ہے، جبکہ آئندہ برس اس شرح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مالی شمولیت کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ معیشت کو کیش لیس بنانے کے لیے جاری اقدامات ملکی معیشت کی پائیدار ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل معیشت کی جانب گامزن ہے اور پاکستان کو بھی دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ روزِ اول سے پاکستان کو ڈیجیٹل نیشن بنانے کے لیے اقدامات کو ترجیح دی گئی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے اجلاس میں جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیش لیس معیشت کے وضح کردہ اہداف کو معینہ مدت کے اندر حاصل کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے وزارت خزانہ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں لائق تحسین قرار دیا۔

متعلقہ مضامین

  • ملکی معیشت کیلئے خوشخبری، ضلع سانگھڑ سے گیس کی پیداوار میں اضافہ
  • ملکی معیشت کے لیے خوشخبری: سندھ کے ضلع سانگھڑ سے گیس کی پیداوار میں اضافہ
  • وزیراعلیٰ بلوچیستان  کی ملاقات  کیس لیس معیشت سے گورننس میں بہتر ی ‘ُ کرپشن مین کمی آئی گی  وزیراعظم 
  • پاکستان اسٹیل کی نجکاری ملکی معیشت کیلیے نقصان دہ ہے ‘ منعم ظفر خان
  • ڈیجیٹل پاکستان کی رفتار تیز! وزیراعظم نے واضح ڈیڈ لائنز دے دیں
  • وزیراعظم کی کیش لیس معیشت کیلیے تمام اہداف مقررہ مدت میں حاصل کرنے کی ہدایت
  • وزیرِاعظم کی زیر صدارت اجلاس، کیش لیس معیشت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار
  • آئینی ترامیم مثبت اور وقت کی ضرورت کے پیشِ نظر کی جا رہی ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ
  • ملکی معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف
  • پاکستان سرکاری اصلاحات کے لیے ایک ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کرے گا