اچھا ہوگا ایران بھی پاک سعودی دفاعی معاہدے میں شامل ہوجائے: پاسداران انقلاب
اشاعت کی تاریخ: 29th, September 2025 GMT
ایرانی پاسداران انقلاب کے میجر جنرل اور ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر رحیم صفوی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کا مشترکہ دفاعی معاہدہ مثبت پیشرفت ہے۔
عالمی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحیم صفوی کا کہنا تھا کہ ایران بھی اس معاہدے میں شامل ہو جائے تو یہ اچھا ہو گا، اسلامی ممالک کو باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے علاقائی اثر و رسوخ میں کمی آ رہی ہے، امریکا اب اپنی توجہ ایشیا پیسیفک خطے کی طرف منتقل کر رہا ہے، یہ وقت ہے کہ ہم ایک علاقائی اسلامی سکیورٹی بلاک کی تشکیل پر سنجیدگی سے غور کریں تاکہ خطے میں استحکام اور خودمختاری یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برادر ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک مشترکہ دفاعی معاہدہ ہوا ہے ، معاہدے کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ کسی ایک ملک پر حملہ دوسرے ملک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
دوسری طرف نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ سعودیہ کے بعد کئی دوسرے ممالک بھی دفاعی معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
پاکستان اور قطر کے تعلقات میں اقتصادی و دفاعی تعاون کا نیا دور
اسلام آباد:پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور زرعی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے یہ پیش رفت ممکن ہوئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانا اور سرمایہ کاری و ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
حال ہی میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی دوحہ میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ سعود سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دفاعی شعبے، زراعت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک کے سربراہان نے مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی ٹیکنالوجی اور مہارت کے تبادلے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔
قطر کے وزیر دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دفاعی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور دفاعی تعلقات سے دفاعی صنعت اور برآمدات کو نئی جہت ملے گی۔
مزید برآں، دو طرفہ تعلقات کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی، زرعی پیداوار اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا، جبکہ ایس آئی ایف سی پاکستان کی زرعی، اقتصادی اور دفاعی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔