پاکستان اور ملائیشیا اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ کیلیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 7th, October 2025 GMT
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اور دونوں فریق اس حوالے سے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے معروف بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت گوبی پارٹنرز کے شریک بانی اور چیئرمین تھامس ساؤ نے کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی، تجارتی، اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
انہوں نے گزشتہ روز منعقد ہونے والی پاکستان-ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کو خوش آئند قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان کاروباری ماحول کو سازگار بنانے اور کاروبار کرنے میں آسانی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم پر گوبی پارٹنرز کا اعتماد خوش آئند ہے۔ حکومت سرمایہ کاری سہولت، اصلاحات، اور بنیادی ڈھانچے تک بہتر رسائی کے ذریعے ابتدائی مرحلے کے سرمایہ کاروں اور اسٹارٹ اپس کی بھرپور معاونت کر رہی ہے۔ ایک مستحکم اور پائیدار اسٹارٹ اَپ ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی اور مقامی سرمایہ کاری کو متحرک کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل معیشت، خاص طور پر فِن ٹیک، ای کامرس، اور آئی ٹی خدمات، پاکستان کی قومی ترقی کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔ ہم پاکستان کے آئی ٹی، ٹیکنالوجی، اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور بزنس گروپس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گوبی پارٹنرز سرمایہ کاری
پڑھیں:
افغانستان کی بھارت سے تجارتی روابط بڑھانے کی کوششیں
پاکستان سے تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد افغان وزیر تجارت نئی دہلی پہنچ گئے
نورالدین عزیزی بھارتی وزیر خزانہ ،تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں
افغانستان نے پاکستان سے تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد بھارت سے تجارتی روابط بڑھانے کی کوششیں شروع کردیں۔افغانستان کے قائم مقام وزیر تجارت الحاج نورالدین عزیزی بھارت پہنچ گئے جہاں وہ بھارتی وزیر تجارت اور بھارتی وزیر خزانہ سے ملاقات کریں گے۔افغان وزارت تجارت کے مطابق نورالدین عزیزی بھارتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقاتوں کا مقصد افغان بھارت معاشی تعاون میں توسیع، تجارتی تعلقات آسان کرنا اور افغان بھارت مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ہے۔افغان وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ مقصد علاقائی تجارت میں افغانستان کا کردارمضبوط کرنا ہے۔دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے افغان وزیر تجارت سے ملاقات کی تصویر شیٔر کی اور کہا کہ دورے کا بنیادی مقصد دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینا ہے۔خیال رہے کہ بھارت نے گزشتہ ماہ کابل میں اپنا سفارت خانہ کھولا ہے، 2021 میں افغانستان میں طالبان حکومت آنے کے بعد بھارت نے اپنا سفارتخانہ بند کردیا تھا۔