پی پی کی جانب سے سیز فائر کی بات، ہر گھنٹے ہوائی فائرنگ ہوتی ہے: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایک طرف وہ سیز فائر کی بات کرتے ہیں، دوسری طرف ہر گھنٹے بعد ہوائی فائرنگ کے لیے آجاتے ہیں۔ ‘‘ شعلے اگلتی زبانوں کے ساتھ ہم سے سیز فائر کی امید کیسے رکھی جا سکتی ہے؟’’ انہوں نے واضح کیا کہ اس دوہرے رویے سے مفاہمت کا کوئی سنجیدہ پیغام نہیں ملتا۔ روزانہ جسے دیکھو، وہ جھاڑ پونچھ کر گھر سے نکلتا ہے، مائیک کے سامنے بیٹھ کر گالیاں اور الزامات کی بوچھاڑ شروع کر دیتا ہے، پھر انہی حالات میں مفاہمت کی باتیں کی جاتی ہیں۔ ‘‘جب ہم معمولی سا جواب دیں تو وہ رونے بیٹھ جاتے ہیں۔ یہ رویہ سیاسی بلوغت کے منافی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما ہمیں جمہوریت کے لیکچر نہ دیں۔ ‘‘جمہوریت کے بوجھ کو انہوں نے کبھی اپنے نازک کندھوں پر نہیں اٹھایا، یہ بوجھ ہماری قیادت اور کارکنوں نے برسوں اٹھایا ہے۔ اگر دن رات ہماری قیادت پر حملے کیے جائیں گے تو ہم پھولوں کے ہار نہیں پہنائیں گے۔ ‘‘یہ ہماری پارٹی اور قیادت کی اعلیٰ ظرفی ہے کہ ذاتی حملوں کے باوجود خاموشی اور برداشت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ سندھ کسی وڈیرے کی جاگیر نہیں جسے وہ ہر فورم پر ‘‘سندھو دیش’’ کہہ کر پیش کرتے ہیں۔ ‘‘پنجاب کے خلاف زبانی گولہ باری اور نفرت آمیز بیانیے سے باز آنا ہو گا۔ ہم سیاسی اختلاف کو محاذ آرائی میں نہیں بدلنا چاہتے، لیکن یکطرفہ حملوں پر مسلسل خاموشی ممکن نہیں۔ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں پر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہی ہے، لیکن بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلاجواز الزام تراشی اور صوبائیت کا کارڈ کھیلنا افسوسناک ہے۔ پنجاب نہ کسی محاذ آرائی کا حصہ بنا ہے اور نہ بنے گا، ہمارا فوکس صرف متاثرین کی مدد اور بحالی ہے۔ سندھ حکومت یا پیپلز پارٹی نے اب تک کسی عملی مدد یا تعاون کی کوئی مثال پیش نہیں کی، اس کے باوجود پنجاب کے معاملات میں بے جا مداخلت اور الزام تراشی کی جا رہی ہے۔ ‘‘ہر صوبے کو اپنا آئینی و انتظامی کردار ادا کرنا چاہیے۔ پنجاب اپنے حصے کا کام پوری دیانتداری سے کر رہا ہے، کسی کو اس میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
عظمیٰ بخاری تنخواہ حلال کرتے کرتے ماسی مصیبتے بن گئی ہیں، سینیٹر قرۃ العین مری
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر قرۃ العین مری نے کہا ہے کہ عظمیٰ بخاری تنخواہ حلال کرتے کرتے ماسی مصیبتے بن گئی ہیں۔
پنجاب حکومت کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل میں قرۃ العین مری نے استفسار کیا کہ جب بھی پی پی پی سیلاب متاثرین کی بات کرتی ہے، ن لیگ اسے پنجاب پر حملہ کیوں قرار دیتی ہے؟
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور پنجاب حکومت کی ترجمان کو سندھ فوبیا ہوا ہے۔ سندھ کے خلاف مسلم لیگ ن کا اعلان جنگ ایک خطرناک روایت ہے، جس کے نتائج ملک کےلیے اچھے نہیں ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ صوبائیت پھیلا کر عظمیٰ بخاری کی باس نے اپنی پارٹی کو لسانی پارٹی بنادیا، بظاہر لگ رہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز سے شہباز شریف کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔
سینیٹر قرۃ العین مری نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کی کامیابی سے خائف ہوکر مریم نواز نے پی پی پی کو نشانے پر لیا ہے تاکہ وفاق کمزور ہو۔
انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری کبھی نواز شریف کو را کا ایجنٹ کہتی تھیں اور اب، مسلسل پارٹی بدلنے والے کسی کے وفادار نہیں ہوتے۔
پی پی سینیٹر نے کہا کہ جاتی امراء میں نریندر مودی کے ساتھ ملاقاتیں کرنے والے بلاول بھٹو کے خارجہ امور پر سوال اٹھاتے اچھے نہیں لگ رہے۔