اڈیالہ جیل کے قیدی کی عمران خان کو ملنے والی سہولیات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست
اشاعت کی تاریخ: 14th, October 2025 GMT
اسلام آباد:
اسلام آباد ہائی کورٹ میں اڈیالہ جیل میں سزا کاٹنے والی ایک قیدی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو ملنے والی سہولیات کی فراہمی کے لیے درخواست دائر کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے والی قیدی محمد عرفان نے مؤقف اپنایا ہے کہ302 کے مقدمے میں 25 سال کی قید سزا کاٹ رہا ہوں، متعدد بار سپرنٹینڈنٹ جیل کو سپیریر کلاس سہولیات فراہم کرنے کی درخواست دی لیکن نہیں ملی۔
درخواست گزار نے کہا ہے کہ مجھے اس طرح کی سہولیات مہیا نہیں کی جارہی جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دی جا رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی کو نہ صرف بہترین سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں بلکہ ملاقاتیں بھی کروائی جاتی ہیں لیکن یہ سہولت مجھے دستیاب نہیں ہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ جو سہولیات بانی پی ٹی آئی کو مہیا ہیں مجھے بھی دی جائیں، عدالت فریقین کو ہدایت کرے کہ بانی پی ٹی آئی کو ملنے والی تمام سہولیات مجھے بھی دیں۔
درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، چیف کمشنر اور ہوم ڈپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بانی پی ٹی آئی اسلام آباد
پڑھیں:
سہیل آفریدی کی حلف برداری کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست جمع
پشاور ہائی کورٹ میں نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کےلیے درخواست جمع کرادی گئی۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ممبران نے نئے وزیراعلیٰ سے حلف لینے کے معاملے میں عدالت عالیہ پشاور کے رجسٹرار کے پاس درخواست جمع کرائی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سے حلف لینا ضروری ہے، جس میں تاخیر نہیں کی جاسکتی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد سہیل آفریدی نئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا منتخب ہوگئے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سہیل آفریدی 90 ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں، نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کےلیے گورنر صوبے میں موجود نہیں ہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت حلف کے لیے چیف جسٹس کسی کو بھی نامزد کرسکتے ہیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی یا کسی بھی شخص کو حلف کے لیے نامزد کریں۔