عدالت کا سخت اقدام: علیمہ خان کے تیسری بار ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اشاعت کی تاریخ: 20th, October 2025 GMT
راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف مسلسل عدم پیشی پر تیسری بار ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ علیمہ خان کو گرفتار کر کے 22 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ یہ مقدمہ 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق ہے، جس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں۔ سماعت انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی عدالت میں ہوئی، جہاں دیگر 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ استغاثہ کے پانچ گواہان بھی مالِ مقدمہ سمیت موجود تھے۔ عدالت نے علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور ان کی جائیداد کی تصدیق کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایات جاری کر دیں۔ یہ تیسری مرتبہ ہے کہ عدالت نے علیمہ خان کی عدم پیشی پر ایسا حکم جاری کیا ہے، جس کے بعد پولیس کو ان کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کا پابند کر دیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
جی ایچ کیو حملہ کیس: عمرایوب، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت 15 ملزمان کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم
راولپنڈی:انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمرایوب، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت 15 ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں بتایا گیا کہ پندرہ ملزمان اشتہاری ہیں جنہیں سزا سنائی جاچکی ہے۔
اشتہاری ملزمان میں، سابق قائد حزب اختلاف عمر ایوب، سابق قائد حزب اختلاف سینیٹ شبلی فراز، زرتاج گل، شیخ راشد شفیق، حسن نواز، شکیل نیازی اور دیگر موجود ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان کو سزا سنائی جاچکی ہے، ملزمان عدالت میں سرنڈر کریں ورنہ ان کی تمام منقولہ و غیرمنقولہ پراپرٹی ضبط کرلی جائے اور پراپرٹی ضبط کرنے کے بعد ریونیو ڈیپارٹمنٹ اوپن نیلام کرے۔
واضح رہے کہ ان تمام ملزمان کو فیصل آباد سے اے ٹی سی نے چالیس چالیس سال قید کی سزا سنائی تھی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے حکم جاری کیا تھا۔