دیوالی کے بعد پھیلا دھواں دہلی کا گلا گھونٹ رہا ہے، ہوا کا معیار بہت خراب
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
ماہرین کا کہنا ہے کہ آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح اور گرتے ہوئے درجہ حرارت کیوجہ سے آنے والے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ دہلی میں موسم کا مزاج بگڑ گیا ہے۔ سردی اور دھند کے ساتھ ساتھ اب دیوالی کے بعد پھیلی فضائی آلودگی نے دارالحکومت کے مکینوں کی پریشانی بڑھا دی ہے۔ دیوالی کے بعد سے پورا دہلی شہر گیس چیمبر میں تبدیل ہوتا نظر آرہا ہے۔ اس بار سبز پٹاخوں کے ذریعہ آلودگی پر قابو پانے کی کوشش بھی ناکام ثابت ہوئی۔ دہلی کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) "بہت خراب" زمرے میں پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج صبح دہلی گھنے دھند کی پیش گوئی جاری تھی، جو مختلف علاقوں میں درست ثابت ہوئی۔ دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں صبح کے وقت گھنی دھند اور آلودگی کی ایک موٹی تہہ دیکھی گئی۔ دارالحکومت دہلی میں ہوا کا معیار خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق بدھ کی صبح سات بجے دہلی کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 345 ریکارڈ کیا گیا، جو بہت خراب زمرے میں آتا ہے۔ دہلی اور این سی آر کے دیگر شہروں میں بھی صورت حال تشویشناک ہے۔ دہلی کے مختلف علاقوں میں اے کیو آئی کی سطح 300 سے اوپر اور 400 کے درمیان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح اور گرتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے آنے والے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
دیوالی پر آلودگی کا خطرہ، پنجاب حکومت کا سموگ کنٹرول کے لیے ہنگامی پلان فعال
لاہور:دیوالی کے موقع پر فضا میں شدید آلودگی کے خدشے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے سموگ سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔
سرحد پار بھارت کے شہروں امرتسر، لدھیانہ اور ہریانہ سے آنے والی آلودہ ہوائیں لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان اور دیگر شہروں کی فضا کو متاثر کریں گی۔
پنجاب سموگ مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) آج 210 سے 230 کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں فضا انتہائی آلودہ ہوگی۔
ہوا کی کم رفتار (1 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ) اور بارش نہ ہونے کے باعث آلودہ ذرات فضا میں معلق رہیں گے۔
حکومت نے رات سے ٹھوکر اور دیگر ہاٹ سپاٹس پر اینٹی سموگ گنز کا آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ فجر سے پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بھی جاری رہے گا۔
واسا، ایل ڈی اے اور ضلعی و میونسپل اداروں کو کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے، سڑکوں کی صفائی اور تعمیراتی مقامات کو ڈھانپنے کی سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ٹریفک کے دھوئیں، دیوالی کی سرگرمیوں اور کوڑا جلانے سے فضائی آلودگی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ دوپہر 1 سے 5 بجے تک معمولی بہتری کی امید کی جا رہی ہے، تاہم شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب سموگ مانیٹرنگ سینٹر کی جانب سے جاری حفاظتی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شہری ماسک کا استعمال کریں، جبکہ بچے، بزرگ اور سانس کے مریض غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام سے ماحولیاتی ایس او پیز پر عمل درآمد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ سے بچاؤ اور اس میں کمی کے لیے ہر شہری کا کردار اہم ہے، یہی بڑی تبدیلی اور کامیابی کی بنیاد بنے گا۔
ادھر نئی دہلی میں بھی اے کیو آئی 201 سے 300 کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں صبح کے وقت دھند اور ہلکی دھوپ جبکہ دوپہر میں ہلکی دھند کے ساتھ آسمان صاف رہنے کا امکان ہے۔