ملک میں انٹرنیٹ کیبل خرابی مکمل دور نہ ہو سکی، سیکرٹری آئی ٹی کا اعتراف
اشاعت کی تاریخ: 23rd, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے اجلاس کے دوران سیکرٹری آئی ٹی نے اعتراف کیا کہ انٹرنیٹ کی سمندری کیبل میں پیدا ہونے والا فالٹ ابھی تک مکمل طور پر دور نہیں کیا جا سکا۔
انہوں نے بتایا کہ فالٹ کی مرمت پر کام کنسورشیم کی جانب سے جاری ہے، تاہم پاکستان کی انٹرنیٹ ٹریفک کو عارضی طور پر متبادل راستوں پر منتقل کردیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
اجلاس کے دوران ملک بھر میں موبائل سگنلز کی ناقص کارکردگی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، جس پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اگلے اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام کو طلب کیا جائے گا تاکہ تفصیلی وضاحت لی جاسکے۔
اسلام آباد آئی ٹی پارک کے منصوبے پر بھی اجلاس میں بریفنگ دی گئی، جہاں پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ اب تک 80 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے وضاحت کی کہ یہ منصوبہ کورین کمپنی کے اشتراک سے مکمل کیا جارہا ہے، تاہم تاخیر کے باعث وزیراعظم نے انکوائری کا حکم دیا ہے۔
شزہ فاطمہ نے مزید کہا کہ اسپیکٹرم کی قلت اور مختلف قانونی تنازعات کے باعث نیٹ ورک میں تکنیکی مشکلات درپیش ہیں۔ ان کے مطابق ملک اس وقت 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم پر چل رہا ہے جو ناکافی ہے، اسی لیے حکومت رواں سال دسمبر یا آئندہ جنوری تک اسپیکٹرم آکشن کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک کے مسائل میں بہتری لائی جاسکے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: آئی ٹی
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔