کامونکی: ایس پی عدیل اکبر کی نمازجنازہ ادا‘ اعلیٰ افسروں کی شرکت
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
کامونکی (نمائندہ خصوصی) مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے ایس پی عدیل اکبر گجر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ مرحوم کی نمازجنازہ میں اعلیٰ پولیس افسران سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کو ماڑی ٹھاکراں کے قبرستان میں سْپردِخاک کردیا گیا۔ ایس پی عدیل اکبر کے جسدخاکی کو پولیس کی جانب سے سلامی پیش کرنے کے بعد قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوتے کہا ایس پی عدیل اکبر کی وفات محکمہ پولیس کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ افسوناک واقعہ کی تحقیقات کیلئے تین ڈی آئی جیز پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جاچکی ہے جنہیں جلد انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
اسلام آباد (عزیز علوی )ایس پی آئی نائن عدیل اکبر کی فائر لگنے سے ہونے والی موت کا معمہ حل نہ ہوسکا اس معاملے پر وفاقی پولیس کے سینئر حکام نے خاموشی سے دن گزار دیا سوشل میڈیا پر طرح طرح سے قیاس آرائیوں اور تبصروں نے اپنے اپنے انداز سے اس پراسرار موت کے اسباب بیان کردیئے۔ ایس پی عدیل اکبر مرحوم جو ڈیڑھ ماہ قبل بلوچستان میں ہارڈ ایریا ڈیوٹی کے بعد اسلام آباد پولیس میں پوسٹ ہوئے تو انہیں پروفیشنل پولیس افسر کے طور پر انڈسٹریل ایریا زون میں تعینات کر دیا گیا۔ انتہائی کم عرصہ کی تعیناتی میں ابھی وہ شہریوں اور شہر سے پوری طرح شناسا نہیں ہوئے تھے کہ انکے اور انکے گھر والوں کیلئے یہ ٹریجڈی سامنے آگئی اور آیک ذہین، باصلاحیت پولیس آفیسر یوں منظر سے چلا گیا۔ پولیس کے تین ڈی آئی جی تفتیش کر رہے ہیں انہیں کار میں فون سننے کے بعد فائر لگنا کئی سوال سامنے لا رہا ہے۔ ایس پی عدیل اکبر مرحوم کے سوشل میڈیا اکائونٹ تک پہنچ کر انکے شعری ذوق سے بھی رنگ برنگ سے معنی لئے جا رہے ہیں۔ عدیل اکبر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے یہ ایک سطری پولیس کا ایسا بیان ہے جہاں سے اس نے اس کیس کی باریکیوں کا پتہ چلانا ہے۔ اسلام آباد پولیس سنگین واقعات کے ملزموں کا تو لمحوں میں پتہ چلا کر شہریوں میں احساسِ تحفظ لاتی ہے لیکن گزشتہ شام تک وفاقی پولیس اپنے ایس پی کی موت کے حوالے سے اپنی تحقیقات کی ایک سطر بھی سامنے نہ لاسکی۔ آخری کال کس نے کی اور چند لمحوں میں گولی چل گئی‘ سوال یہ ہے کہ ماجرا کیا ہے۔ ایک سال کی ننھی بچی کو تو یہ واقعہ کب جا کر سمجھ میں آئے گا کہ وہ شفقت پدری سے محروم ہوئی تھی لیکن اسلام آباد پولیس کی جانب سے اس کے شعور کو کیا جواب دے کر مطمئن کیا جائے گا۔
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ایس پی عدیل اکبر اسلام ا باد پولیس ا
پڑھیں:
ایس پی عدیل اکبر کی مبینہ خود کشی، وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری کا بیان
وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ایس پی عدیل اکبر کی مبینہ خودکشی کے حوالے سے حقائق جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جن کی نگرانی آئی جی اسلام آباد خود کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک سانحہ ہے، جس نے پولیس فورس سمیت سب کو دکھی کردیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد حقائق کا جائزہ لے رہے ہیں اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ابھی کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا، تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
ایس پی اسلام آباد پولیس عدیل اکبر کی خودکشی کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد پولیس اور طلال چوہدری کی میڈیا سے گفتگو pic.twitter.com/i3mjnDlkiW
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) October 23, 2025
آئی جی اسلام آباد کے مطابق واقعہ گاڑی کے اندر پیش آیا، سیف سٹی کیمرے کی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے، جس میں گاڑی کے باہر کوئی مشکوک سرگرمی نظر نہیں آئی۔ واقعے کے وقت افسر کے گن مین بھی گاڑی میں موجود تھے۔
وزارت داخلہ کے حکم پر 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، ڈی آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی سیکیورٹی شامل ہیں۔ ٹیم موبائل فون، دیگر شواہد اور جائے وقوعہ سے حاصل مواد کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔
افسر کے اہلِخانہ سے رابطہ کیا گیا ہے، ان کے بھائی اور دیگر عزیزوں کو تحقیقات کی پیشرفت سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، حقائق کی تصدیق کے بعد ہی حتمی موقف دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ہمارے لیے ذاتی دکھ کی حیثیت رکھتا ہے، ہم اپنے ساتھی کے اہلِخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ وزارتِ داخلہ کو پیش کی جائے گی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں