بنوں میں سیکورٹی فورسز کی بڑی کارروائی: بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 22 دہشتگرد مارے گئے
اشاعت کی تاریخ: 25th, November 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
ضلع بنوں میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے مضبوط گروہ کو نشانہ بنایا، جس میں 22 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ کارروائی 24 نومبر کو اس وقت شروع ہوئی جب حساس اداروں کی خفیہ اطلاعات پر پتا چلا کہ علاقے میں ایسے عناصر چھپے بیٹھے ہیں جو نہ صرف مقامی امن کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں بلکہ بیرونی ایجنسیوں، خصوصاً بھارتی خفیہ نیٹ ورک کی پشت پناہی سے پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیاں منظم کر رہے ہیں۔
آپریشن کے آغاز پر فورسز نے انتہائی منصوبہ بندی کے ساتھ دہشت گردوں کے ٹھکانے کا گھیراؤ کیا، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
کئی گھنٹوں پر محیط اس کارروائی میں سیکورٹی اہلکاروں نے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ یہ تمام دہشت گرد بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے جو سرحد پار سے مالی و عسکری معاونت حاصل کر رہا تھا۔
کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن فوری طور پر شروع کیا گیا تاکہ کسی بھی روپوش دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔
پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے مطابق فیڈرل ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کے تحت جاری انسدادِ دہشتگردی مہم کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت یہ کارروائیاں پاکستان سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
ترجمان کے مطابق دشمن عناصر ملک میں خوف و بے یقینی پھیلانے کے اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے اور ریاست تمام وسائل کے ساتھ ان کا مقابلہ کرتی رہے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
وزیراعظم کا بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر اور کامیاب کارروائی پر فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے 22 دہشت گردوں کے خاتمے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور عزم کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مسلسل بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ حکومت اور قوم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔