اظہارِ رائے کی آزادی کا مطلب جھوٹی خبریں پھیلانا نہیں، فیک نیوز پر کریک ڈاؤن ہوگا، وزیر داخلہ
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
لاہور:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اظہارِ رائے کی آزادی کا مطلب جھوٹی خبریں پھیلانا نہیں ہے۔ فیک نیوز پر اب کریک ڈاؤن ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کا انخلا ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ افغان باشندوں سے درخواست ہے کہ وہ خود وقار کے ساتھ اپنے وطن واپس جائیں، کیونکہ وہ اب پاکستان میں ہمارے مہمان نہیں رہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ دہشتگرد حملوں میں ملوث ملزمان کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہوئی، جن میں ایف سی پر حملہ کرنے والے 3 افراد اور اسلام آباد کچہری حملہ آور بھی شامل تھے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم افغانوں کی واپسی کا عمل جاری ہے اور اب تک اس میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو افغان باشندہ واپس بھیجے جانے کے بعد دوبارہ پاکستان آیا تو اسے گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ خیبر پختونخوا میں افغان کیمپ ختم کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات اب بالکل واضح ہے کہ دہشتگردی کے پیچھے کون لوگ سرگرم ہیں اور اس حوالے سے افغان طالبان حکومت کو چاہیے کہ دہشتگردوں پر قابو پائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تینوں صوبوں میں افغان باشندوں کے خلاف کارروائی جاری ہے تاہم خیبر پختونخوا میں انہیں تحفّظ دیا جا رہا ہے، جو قومی سلامتی کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن قومی سلامتی پر کوئی صوبہ اپنی مرضی کی پالیسی نہیں اپنا سکتا، ایسے معاملات میں ملک گیر حکمتِ عملی ہی چلتی ہے اور کسی کو بھی اس سے انحراف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط اطلاعات پر بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 90 فیصد خبریں جھوٹی ہوتی ہیں اور اب ایسی فیک نیوز کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل میڈیا ایک نظام کے تحت چلتا ہے اور اگر کوئی غلط خبر دے تو پیمرا فوری کارروائی کرتا ہے، مگر سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف اب سخت اقدامات ہوں گے، کیونکہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب فیک نیوز پھیلانا نہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر کسی کی تذلیل کی اجازت نہیں دی جائے گی نہ ہی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتا کیا جائے گا۔ بیرون ملک بیٹھے افراد کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ وہ بھی جلد پاکستان واپس لائے جائیں گے تاکہ اپنے بیانات کا جواب دے سکیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محسن نقوی نے وزیر داخلہ نے کہا کہ فیک نیوز انہوں نے کے خلاف
پڑھیں:
ملازمت کا جھانسا دے کر بیرون ملک بھجوانے والوں سے رعایت نہیں ہوگی: محسن نقوی
اسلام آباد (نیوزڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایجنٹ مافیا پیسوں کے لالچ میں معصوم لوگوں کے مستقبل سے کھیل رہا ہے، ملک کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے، معصوم لوگوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر بیرون ممالک بھجوانے والے ایجنٹوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، جو قریباً 2 گھنٹے تک جاری رہا، انہوں نے امیگریشن پراسیس، عملے کی موجودگی اور مسافروں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا، اس دوران انہوں نے بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں سے ملاقات کرکے ان کے تجربات اور شکایات بھی سنیں۔
محسن نقوی نے 7 نومبر کو ایک مسافر کی جانب سے امیگریشن پر کم عملہ تعینات ہونے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے پوری صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے، وزیر داخلہ نے یقین دلایا کہ آئندہ مسافروں کو اس نوعیت کی شکایت کا موقع نہیں ملے گا۔
انہوں نے ضروری سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو بلاجواز روکنے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جعلی دستاویزات یا غیر قانونی ذرائع سے سفر کرنے والے مسافر ملک کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں، اور ایسی صورتحال کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے ویزا ایجنٹ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایجنٹ مافیا پیسوں کے لالچ میں معصوم لوگوں کے مستقبل سے کھیل رہا ہے، ملازمت کا جھانسہ دے کر بیرونِ ملک بھجوانے والے دھوکا باز ایجنٹوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
محسن نقوی نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ ایئرپورٹ کے امیگریشن نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور مسافر دوست بنایا جائے تاکہ پاکستان کے امیج اور مسافروں کے اعتماد کو نقصان نہ پہنچے۔