گلگت، امامیہ آرگنائزیشن کے نمائندہ وفد کی آئی جی پولیس سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
ملاقات میں گلگت بلتستان بالخصوص گلگت شہر میں نوجوان نسل میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال، اخلاقی جرائم اور تعلیمی اداروں و کوچنگ سنٹرز کے اطراف میں طالبات کو ہراساں کیے جانے جیسے سنگین مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اسلام ٹائمز۔ امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن کے ایک نمائندہ وفد نے ریجنل ناظم شیخ دلدار حسین کی قیادت میں انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان بالخصوص گلگت شہر میں نوجوان نسل میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال، اخلاقی جرائم اور تعلیمی اداروں و کوچنگ سنٹرز کے اطراف میں طالبات کو ہراساں کیے جانے جیسے سنگین مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں منشیات کی لت، غیر اخلاقی سرگرمیوں، گھریلو ناچاقیوں، صنفی تشدد، منفی رویوں میں اضافہ اور قوتِ برداشت میں کمی جیسے مسائل جنم لے رہے ہیں، جن کی وجہ سے خودکشی کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔ آئی جی پولیس گلگت بلتستان محمود افضل بٹ نے معاشرے میں اخلاقی بگاڑ اور نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت اور سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ نوجوانوں کی شخصیت سازی میں والدین کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ معاشرے میں تربیت کا عنصر کمزور ہوتا جا رہا ہے، جس کے سبب نوجوان نسل غیر اخلاقی رویوں اور خطرناک رجحانات کا شکار ہو رہی ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے، جب کہ علمائے کرام منبروں سے منشیات اور اخلاقی بگاڑ کے مسائل پر خصوصی رہنمائی فراہم کریں۔ وفد نے آئی جی کی توجہ اس جانب بھی مبذول کروائی کہ گلگت شہر کے تعلیمی ادارے اور کوچنگ سنٹرز اس صورتحال سے شدید متاثر ہو رہے ہیں، جہاں ہراسمنٹ، بُلینگ اور غیر اخلاقی حرکات کے واقعات میں مسلسل اضافہ والدین اور معاشرے کے لیے شدید اضطراب کا باعث بن رہا ہے۔ آئی جی پولیس نے امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انسدادِ منشیات اور ہراسمنٹ کے خلاف مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے نوجوانوں کو آگاہی مہم میں شامل کرنے کی بھی تجویز دی اور منشیات فروشوں اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف موثر اور ٹھوس کارروائی کا وعدہ کیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: گلگت بلتستان نوجوان نسل میں منشیات غیر اخلاقی
پڑھیں:
جی بی کے آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت یقینی ہے، کلثوم مہدی
پی پی خواتین ونگ گلگت بلتستان کی صدر نے ایک بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں گلگت بلتستان کے ہر گلی کوچے میں موجود کارکنان پرعزم ہیں اور عوام کا جوش و خروش یہ واضح پیغام دے رہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوامی طاقت کا سیلاب تمام رکاوٹیں بہا لے جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ صدر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ونگ گلگت بلتستان کلثوم مہدی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 58 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم اپنے بانی قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے عظیم مشن، یعنی روٹی، کپڑا اور مکان اور عوام کی حکمرانی کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔یہ دن ہمیں پارٹی کے تاریخی سفر جمہوریت کی بحالی کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں اور عوام کے حقوق کے لیے ہماری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ پسماندہ طبقات اور خواتین کو سیاسی دھارے میں شامل کیا اور انہیں ملک و قوم کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔ اس موقع پر اپنے علاقے کی غیور عوام کو یقین دلاتی ہوں کہ پیپلزپارٹی ہی گلگت بلتستان کو مکمل آئینی حقوق دلانے اور یہاں کے وسائل پر مقامی لوگوں کا حق تسلیم کرانے کی ضامن ہے۔ ہم نے ماضی میں بھی عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا اور آئندہ بھی ہماری ترجیح یہ علاقہ اور اس کے عوام ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں گلگت بلتستان کے ہر گلی کوچے میں موجود کارکنان پرعزم ہیں اور عوام کا جوش و خروش یہ واضح پیغام دے رہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوامی طاقت کا سیلاب تمام رکاوٹیں بہا لے جائے گا۔ ہم مکمل یقین اور پختہ عزم کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ جی بی کے آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کی جیت یقینی ہے، عوام مہنگائی، بے روزگاری اور نامکمل آئینی حیثیت سے تنگ آ چکے ہیں۔ وہ تبدیلی کے لیے تیار ہیں اور انہیں صرف پیپلزپارٹی کے منشور اور اس کی عوامی قیادت پر بھروسہ ہے۔ ہم اپنے منشور پر عمل پیرا ہوتے ہوئے شفاف اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے اقتدار میں آئیں گے اور گلگت بلتستان کو ایک ترقی یافتہ خوشحال اور مکمل آئینی حقوق والا خطہ بنائیں گے۔ میں تمام کارکنان خصوصاً شعبہ خواتین کی ساتھیوں کو ہدایت کرتی ہوں کہ وہ یوم تاسیس کے عزم کے ساتھ انتخابی مہم کو تیز کریں اور ہر گھر تک پیپلزپارٹی کا پیغام پہنچائیں۔