ڈیٹا چوری، غیر رجسٹرڈ وی پی این ملکی سلامتی کے لیے خطرہ سنگین ہیں، حکام
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
اسلام آباد:(نیوزڈیسک) سرکاری حکام نے غیر رجسٹرڈ وی پی این کو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا اور عوام سے کہا ہے کہ وہ ہرگز غیر رجسٹرڈ وی پی این استعمال نہ کریں۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ وی پی این پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ بن چکے ہیں، دہشت گرد، غیر ملکی ایجنٹ، جرائم پیشہ افراد اور شدت پسند اپنے وجود کو چھپانے کے لیے غیر قانونی وی پی این استعمال کر رہے ہیں، ان غیر رجسٹرڈ وی پی این کے ذریعے حملوں کی منصوبہ بندی، افواہیں، پروپیگنڈا اور غیر قانونی سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق ایسی سرگرمیوں سے پاکستان کا ہر شہری غیر محفوظ ہو جاتا ہے، اپنے ملک اور اپنی حفاظت کے لیے غیر رجسٹرڈ وی پی این کا استعمال ہرگز نہ کریں، صرف پی ٹی اے سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ وی پی این استعمال کریں۔
آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ مفت وی پی این دراصل آپ کا ڈیٹا چرا رہے ہیں، زیادہ تر مفت وی پی این محفوظ نہیں ہوتے، وہ آپ کو ہی پروڈکٹ بنا کر بیچتے ہیں، بہت سے غیر رجسٹرڈ وی پی این ہیکرز، غیر ملکی اداروں اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے کنٹرول میں ہوتے ہیں، آپ کے یوزرنیم، پاس ورڈ، بینک کی تفصیلات اور ذاتی معلومات لاگ کی جا رہی ہیں، یہ مفت سروس دراصل آپ کی پرائیویسی کی قیمت پر چلتی ہے۔
آئی ٹی ماہرین کے مطابق غیر رجسٹرڈ وی پی این خاموش چور ہیں جو آپ کی شناخت چرا رہے ہیں، ہمیشہ منظور شدہ اور لائسنس یافتہ وی پی این استعمال کریں۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی وی پی این پورے ملک کے لیے مالی نقصان کا باعث بن رہے ہیں، وی پی این کے ذریعے قانونی گیٹ ویز بائی پاس ہو رہے ہیں، اربوں روپے کے ٹیکس اور فیس بیرون ملک منتقل ہو رہے ہیں، قومی خزانے کو شدید نقصان، عوامی سہولتوں کے لیے پیسہ کم پڑ رہا ہے۔
آئی ٹی ماہرین کے مطابق غیر قانونی وی پی این سے انٹرنیٹ پر بوجھ بڑھ رہا ہے، انٹرنیٹ کی رفتار سست، گھریلو صارف اور کاروبار دونوں متاثر ہوتے ہیں، کچھ لوگ تیز چلنے کے لیے وی پی این لگاتے ہیں، پورا ملک سست ہو جاتا ہے، غیر رجسٹرڈ وی پی این نہ صرف آپ کے لیے خطرہ ہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھی، قانونی وی پی این استعمال کریں، محفوظ رہیں اور ملک کو محفوظ بنائیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ملکی سلامتی کیخلاف سازش کرنیوالوں سے وہی سلوک کرینگے جو بھارت کیساتھ کیا: احسن اقبال
احسن اقبال—فائل فوٹووفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے خلاف سازش کرنے والوں سے وہی سلوک کریں گے جو بھارت کے ساتھ کیا۔
نارووال میں اسپیشل افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا کہ جب بھی ملک میں ترقی کا دور شروع ہوتا ہے، شرارتیں شروع ہو جاتی ہیں، 4 سال اس ملک کے اوپر حکومت کے نام پر ایک عذاب گزرا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ان 4 سال میں سوائے گالی گلوچ اور ذہنوں میں نفرت بھرنے کے کوئی کام نہیں ہوا، انہوں نے لنگر خانوں پر بھی قوم سے فراڈ کیا، ان کے لنگر خانے بھی ایک این جی او کے پیسوں سے چلتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے 4 سالہ دورِ حکومت کی نااہلیوں کی سزا پوری قوم نے بھگتی ہے، انہوں نے معیشت کو تباہ کیا، بے روزگاری پھیلائی اور پاکستان کے ترقی کے سفر کو روکا، ہماری حکومت میں منہگائی 38 فیصد سے ساڑھے 4 فیصد پر آ گئی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سب کا فرض ہے کہ حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں، ملک کے اندر امن اور استحکام کو مضبوط کریں، جس ملک میں انتشار ہو گا وہاں ترقی نہیں ہو سکتی، ملک کو اڑان کی راہ پر ڈال دیا ہے، پھر وہی قوتیں سرگرم ہیں جو یہ اڑان نہیں چاہتیں۔
انہوں نے کہا کہ قومیں نعرے لگا کے، جلوس نکال کر اور ہلڑ بازی کر کے ترقی نہیں کرتیں، کچھ لوگ پاکستان کے دشمنوں کی آواز سے آواز ملا کر ریاست کے اوپر حملہ کر رہے ہیں، ریاست اور ہماری بہادر مسلح افواج ان کے سوشل میڈیا کا نشانہ ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ٹی ٹی پی، بھارت اور پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا کا نشانہ ریاست اور ہماری مسلح افواج ہیں، اپنے بہادر سپوتوں کے خلاف زہر اگلنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے دشمنو سن لو، مسلم لیگ کے ہوتے ہوئے پاکستان پر کوئی میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا، ہماری مسلح افواج معرکۂ حق جیت کر بتا چکیں کہ ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ لوگ دشمن کے بیانیے کو مضبوط کرنے میں لگے ہیں، مسلح افواج پر حملہ آور ہیں، ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان کی ترقی کے ساتھ کھیلے اور انتشار پیدا کرے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے خلاف سازش کرنے والوں سے وہی سلوک کریں گے جو بھارت کے ساتھ کیا، مذہب کے نام پر انتشار اور قوم کو تقسیم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔