پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے پاکستانی افواج سے متعلق بیان مسترد کردیا
اشاعت کی تاریخ: 7th, December 2025 GMT
پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے بیان کو بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت کے بیشتر مسائل کی جڑ پاکستان کی مسلح افواج ہیں۔ اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے اسے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے، بشمول مسلح افواج، قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں۔ یہ ادارے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مئی 2025 میں پاکستانی افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور ذمہ داری کے ساتھ بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا، اور کوئی پروپیگنڈا اس حقیقت کو بدل نہیں سکتا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارتی قیادت کی یہ مہم خطے میں اپنے اقدامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، خاص طور پر پاکستان میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے۔ ایسے اشتعال انگیز بیانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ بھارت خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کی پرواہ نہیں کرتا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستان کی افواج پر بے بنیاد تبصرے کرنے کے بجائے انتہاپسندانہ ہندوتوا نظریے کی سنگینی کو سمجھنا چاہیے، جس نے بھارت میں ہجوم کے ہاتھوں قتل و غارت، ماورائے عدالت کارروائیوں اور عبادت گاہوں کی تباہی کو جنم دیا ہے۔
اندرابی نے کہا کہ پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور قومی مفادات و خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد، مضبوط اور پرعزم ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سعودی عرب میں پاک افغان مذاکرات سے متعلق کچھ علم نہیں: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام(نیوز ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے درمیان سعودی عرب میں مذاکرات سے متعلق دفتر خارجہ نے لاعلمی کا اظہار کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر انداربی کے مطابق سعودی عرب میں پاک افغان مذاکرات سے متعلق میڈیا رپورٹس دیکھیں، ان مذاکرات سے متعلق ہمیں کچھ علم نہیں ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ترکیہ صدر کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان ترکیہ کے ثالثی وفد کو خوش آمدید کہے گا اور پاکستان مذاکرات کیلئے بھی تیار ہے، ترکیہ وفد کے ابھی تک دورہ نہ کرنے کی وجہ پاکستان کا تعاون نہ کرنا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے افغانستان کے ساتھ سرحدیں موجودہ صورتحال کی وجہ سے بند کی ہیں اور افغانستان نے اب اپنی جانب سرحدیں بند کی ہیں، اس حوالے سے اب وہ ہی جواب دے سکتے ہیں، ہم نے فی الوقت سرحدیں امدادی کارروائی کیلئے ہی کھولی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کرغزستان کے صدر نے پاکستان کا دورہ کیا، کرغز صدر اور وزیراعظم نے وفد کی سطح پر ملاقاتیں کی، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق ہوا، دونوں ممالک تجارتی حجم سال 28-2027 تک 200 ملین تک پہچانے پر اتفاق کیا، کرغز صدر کے دورے پر 15 ایم او یوز پر دستخط ہوئے، کرغز صدر نے بزنس فورم سے خطاب کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے کرغز وزیر خارجہ اور صدر سے ملاقاتیں کیں، مصر کے وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان کیا، اسحاق ڈار نے اسلام آباد کانکلیو کا افتتاح کیا۔