علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر عدالت نے محفوظ فیصلہ سنادیا
اشاعت کی تاریخ: 17th, May 2025 GMT
راولپنڈی:انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی جانب سے مقدمات میں حاضری سے استثنا اور بیرون ملک جانے کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو ہوئی۔
دورانِ سماعت علیمہ خان کی جانب سے ان کے وکلا فیصل ملک اور علی بخاری نے دلائل دیے جب کہ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے درخواست کی مخالفت میں دلائل دیتے ہوئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔
پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ فنڈ ریزنگ جاری ہے، علیمہ خان کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے، لہٰذا درخواست مسترد کی جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جسے بعد ازاں جاری کردیا گیا، جس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کی حاضری سے استثنا اور بیرون ملک جانے کی درخواست خارج کردی۔
یاد رہے کہ علیمہ خان نے نمل یونیورسٹی اور شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریبات میں شرکت کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ علیمہ خان ان کی چیف گیسٹ ہیں، مختصر مدت کےلیے برطانیہ جانے کی اجازت دی جائے۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے عدالتوں کے چکر لگا رہی ہوں کہ بیرون ملک جانے کی اجازت ملے ۔ مجھ سے آپ کیوں خوفزدہ ہیں کہ مجھے سفر نہیں کرنے دے رہے ۔
انہوں نے کہا کہ میری ٹریولنگ کا تقابل ایان علی منی لانڈرر،خواجہ آصف کے اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز والوں سے ہو رہا تھا۔ ہمارے وکیل بتا رہے تھے کہ ان میگا اسکینڈلز کے باوجود ملزمان کو ضمانت ملی تھی ۔ مجھ پر الزام ہے کہ میں نے بانی کا پیغام کارکنوں تک پہنچایا ۔ صرف پیغام رسانی کی وجہ سے مجھ پر مقدمات بن چکے ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بریفنگ کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے ہمیں نہیں بتایا ۔ ہم تو سب کے ساتھ خوشگوار موڈ میں ہوتے ہیں، ہم ان چیزوں پر اپنا وقت ضائع نہیں کرتے۔ بالکل ہم موروثی ہیں اور اپنے بھائی کے لیے کھڑے ہیں۔ کوئی ہمیں نہیں روک سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بچے اسی لیے کھڑے ہیں کہ وہ موروثی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی تنہا نہیں، خاندان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم انہیں باہر نکال کر رہیں گے۔ ہمیں فرق نہیں پڑتا کون کیا کہہ رہا ہے ۔ ہم نے اپنے بھائی کو تحفظ دینا ہے،یہ ہماری ڈیوٹی ہے، اسے پورا کریں گے۔ہم اس جنگ،جہاد میں بھائی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بیرون ملک جانے کی درخواست جانے کی اجازت علیمہ خان کی نے کہا کہ عدالت نے
پڑھیں:
بانی نے 10 محرم کے بعد تحریک چلانے کی ہدایت کردی، علیمہ خان
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی کہتے ہیں حکومت 27ویں ترمیم کے بجائے بادشاہت کا اعلان کردے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنا چاہتی ہے، بانی چیئرمین نے 10 محرم کے بعد تحریک شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نےکہہ رہے ہیں کہ 27ویں ترمیم کے بجائے بادشاہت کا اعلان کردیں، انہوں نے پنجاب کے 26 ایم پی ایز کو اسمبلی کے باہر اسمبلی لگانے کی ہدایت کی ہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے انہیں آج بھی ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی، دیگر 2 بہنوں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ملاقات کی اجازت ملی، جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔
انہوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے میڈیا کی آواز بند کردی گئی ہے، غلامی کے بجائے جیل میں بیٹھنا بہتر ہے۔
عظمیٰ خان نے میڈیا کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل سہولیات سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی، انہوں نے اپنے بھائی سے پوچھا کہ آپ کا وزن کیوں کم لگ رہاہے تو انہوں نے بتایاکہ نیند پوری نہیں ہورہی گرمی بھی بہت زیادہ ہے۔