کراچی، زمان ٹاؤن میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے کورنگی ساڑھے تین نمبر چائنا گراؤنڈ کے قریب زمان ٹاؤن پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مشتبہ افراد علاقے میں واردات کی نیت سے موجود تھے، جنہیں روکنے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔
پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمی ملزم کو حراست میں لے لیا۔
چھیپا فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے ہلاک ملزم کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی، جبکہ زخمی ڈاکو کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت 24 سالہ محمد علی اور زخمی ملزم کی شناخت 25 سالہ فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے کرمنل ریکارڈ اور وارداتوں کی تاریخ سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، اورنگی ٹاؤن صابری چوک کے قریب اندھی گولی لگنے سے 5 سالہ بچہ جاں بحق
کراچی:شہر قائد میں اورنگی ٹاؤن کے علاقے صابری چوک کے قریب نامعلوم سمت سے فائر کی گئی اندھی گولی نے ایک 5 سالہ بچے کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت برہان کے نام سے ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برہان اپنے ماموں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر ناظم آباد کی طرف جا رہا تھا کہ اچانک کسی نامعلوم شخص کی جانب سے فائر کی گئی گولی بچے کے سر میں لگ گئی، جو اس کی زندگی کے لیے مہلک ثابت ہوئی۔
بچے کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی بچہ چار بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا اور اس کے والد شیرشاہ میں مزدوری کرتے ہیں۔
پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ گولی چلانے والے شخص کا پتا چلایا جا سکے۔