کراچی: چائے کے ہوٹل پر معمولی تلخ کلامی نوجوان کی جان لے گئی، 6 دوست گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 29th, June 2025 GMT
کراچی:
گرومندر کے قریب لڑائی جھگڑے کے دوران نوجوان کی ہلاکت کے الزام میں پولیس نے مقتول کے 6 دوستوں کو گرفتار کرلیا۔
جمشید کوارٹرز کے علاقے گرومندرکنزلایمان مسجد کے قریب چائے کے ہوٹل پرموجود سات لڑکوں کے درمیان معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔
جھگڑے کے دوران ایک نوجوان کودھکا لگا جو قریب کھڑی موٹر سائیکل کے ہینڈل سے ٹکرا کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 18 سالہ عبد الرحمٰن ولد عبدالجبار کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتول کے 6 دوستوں طلحہ ولد محمد شاہد، حسن ولد عارف، عبداللہ ولد شکیل، فراز ولد عبد الستار، منان ولد اکبرعلی اورمعیز ولد محمد جاوید کو گرفتار کرلیا۔
گرفتارملزم حسن ولد عارف مقتول نوجوان کا کزن ہے، پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، عزیزآباد میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار
کراچی:شہر قائد میں عزیزآباد پولیس کی عائشہ منزل فلائی اوور پر کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
چھیپا ذرائع کے مطابق واقعہ عزیزآباد تھانے کی حدود میں عائشہ منزل فلائی اوور پر پیش آیا، جہاں پولیس نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم انہوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی، جہاں اس کی شناخت محمد راجا کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔