کراچی، جھگڑے کے دوران دھکا لگنے سے نوجوان جاں بحق، واقعے کی تحقیقات جاری
اشاعت کی تاریخ: 29th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے گرومندر کے قریب کنزل ایمان مسجد کے سامنے واقع کوئٹہ ہوٹل پر جھگڑے کے دوران دھکا لگنے سے نوجوان عبد الرحمان جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق متوفی عبد الرحمان اپنے پانچ دوستوں کے ہمراہ ہوٹل پر موجود تھا، جہاں انہوں نے چائے کا آرڈر دیا۔ اسی دوران معمولی بات پر آپس میں تلخ کلامی ہوئی جو جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔
جھگڑے کے دوران ایک شخص نے عبد الرحمان کو زور سے لات ماری، جس کے باعث اس کا سر قریب کھڑی موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عبد الرحمان کو نیم مردہ حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ریسکیو حکام نے متوفی کی شناخت عبد الرحمان کے نام سے کی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل حقیقت پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد سامنے آئے گی، جبکہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: عبد الرحمان
پڑھیں:
کراچی میں دورانِ ڈکیتی فائرنگ، ایک شہری جاں بحق، ڈاکو بھی ہلاک
کراچی:کورنگی میں دورانِ ڈکیتی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری غلام محمد جاں بحق ہوگیا، جبکہ مبینہ طور پر ملوث دو ڈاکوؤں کو شہریوں نے پکڑ لیا، جن میں سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کورنگی ڈیڑھ نمبر کے علاقے میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شہری غلام محمد کورنگی ڈیڑھ نمبر کا رہائشی تھا اور تین بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔ لواحقین کے مطابق غلام محمد کی دو ماہ بعد شادی تھی، جبکہ اس کا آبائی تعلق بہاولپور سے تھا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی شہری اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔