حکومتِ پاکستان نے پانڈا بانڈ کے اجرا کے لیے چین میں سرمایہ کاروں کے ساتھ پیشگی مارکیٹنگ پر مبنی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) وزارتِ خزانہ کے وفد نے ممکنہ سرمایہ کاروں، انڈر رائٹرز، ممکنہ ضمانت دہندگان، چینی ریٹنگ ایجنسی اور چینی قانونی مشیروں کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کیے ہیں، ریگولیٹری عمل، کریڈٹ کے تحفظ سے متعلق انتظامات اورآئندہ اجرا میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا ہے کہ ان ملاقاتوں میں پاکستان کی مجموعی معاشی صورتحال اور مستقبل کے امکانات، قرضوں کے انتظام سے متعلق جاری اصلاحات اور مجوزہ پانڈا بانڈ ٹرانزیکشن کے ڈھانچے اور پیش رفت پر توجہ مرکوز رہی۔
ایکس پر پوسٹ کے مطابق اس غیر تجارتی روڈ شو (این ڈی آر) کو ابتدائی طور پر سرمایہ کاروں کی جانب سے خاصی دلچسپی حاصل ہوئی جو پاکستان کی اصلاحاتی سمت پر اعتماد اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں اس کی بڑھتی ہوئی ساکھ کا مظہر ہے۔(جاری ہے)
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ سرمایہ کاروں سے فعال رابطے اور چین کی مقامی کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی کے ذریعے فنڈنگ کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پانڈا بانڈ کا پہلا اجرا ءرواں سال متوقع ہے، جو کہ تمام دستاویزات کی تکمیل اور درکار منظوریوں ، بشمول کثیر الجہتی ترقیاتی شراکت داروں کی جانب سے کریڈٹ گارنٹی کے بعد عمل میں آئے گا۔یہ سنگِ میل اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اب چین کی وسیع اور متنوع مقامی بانڈ مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے، اپنے سرمایہ کاروں کا دائرہ وسیع کرنےاور کثیرالجہتی شراکت داروں کی پشت پناہی سے مقامی کرنسی میں مالی وسائل حاصل کرنے کی سٹریٹجک سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔اب تک اس روڈ شو کی کامیابی حکومت کے اُس عزم کی عکاسی کرتی ہے جو جدید اور مستقبل بین مالیاتی سفارت کاری پر مبنی ہے اور یہ ایک واضح پیغام دیتی ہے کہ پاکستان اعتماد اور ساکھ کے ساتھ نئی سرمایہ مارکیٹوں میں داخلے کے لیے تیار ہے۔\932.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے سرمایہ کاروں
پڑھیں:
تعلیم میں سرمایہ کاری ہی قوم کی نجات ہے، یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کا افتتاح
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے لیے ایک بار پھر امید کی کرن روشن کر دی۔ انہوں نے یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر ملک کے نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے 50 نہیں بلکہ 500 ارب روپے بھی خرچ کرنا پڑیں تو حکومت بلا جھجک کرے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم اور ٹیکنالوجی سے جڑا ہے، یہی دو ستون ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب نے پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک غیر معمولی موقع فراہم کیا ہے۔ سعودی حکومت نے پیشکش کی ہے کہ وہ پاکستانی طلبہ و طالبات کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) کے جدید شعبوں میں مفت تربیت دے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت لاکھوں نوجوانوں کو تربیت کے لیے سعودی عرب بھیجے گی تاکہ وہ جدید ہنر سیکھ کر وطن کے معاشی مستقبل کو مضبوط بنا سکیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہی قوم کا اصل سرمایہ ہیں، اور انہی کے ہاتھوں میں ملک کی تقدیر ہے۔ حکومت ان کی تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کو معاشی خود کفالت کی راہ پر گامزن کر سکیں۔ خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے علامہ اقبال کے اشعار سنائے، جن پر شرکاء نے پرجوش داد دی۔
یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت اس بار بلوچستان سمیت ملک کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے میرٹ پر لیپ ٹاپ حاصل کیے۔ طلبہ نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اسکیم کے تسلسل کا مطالبہ کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ڈیجیٹل دنیا سے جڑ سکیں اور اپنے تعلیمی خواب پورے کر سکیں۔
تقریب کا ایک دل کو چھو لینے والا لمحہ اس وقت سامنے آیا جب بلوچستان کی طالبہ درجان بی بی نے اسٹیج پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ شہباز شریف نے نہ صرف ان کی خواہش پوری کی بلکہ انہیں اپنی نشست پر بٹھا کر نوجوانوں کے احترام اور ان کی عزتِ نفس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ تقریب محض لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا موقع نہیں تھی، بلکہ یہ اس پیغام کی تجدید تھی کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور نوجوانوں میں سرمایہ کاری سے ہو کر گزرتا ہے — اور یہی وہ وژن ہے جسے وزیراعظم شہباز شریف “قوم کی اصل نجات” قرار دیتے ہیں۔