مسلح ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت اور بیٹے کو اغوا کرلیا، سرکاری گاڑی نذر آتش
اشاعت کی تاریخ: 11th, August 2025 GMT
بلوچستان کے ضلع زیارت میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر افضل باقی اور ان کے بیٹے کو اغوا کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع زیارت کے تفریحی مقام زرزری میں نامعلوم مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت محمد افضل باقی اور ان کے بیٹے کو بندوق کی نوک پر اغوا کر لیا۔
ڈپٹی کمشنر زیارت زکاء اللہ درانی کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب افضل باقی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ زرزری کے خوبصورت مقام پر تفریح کے لیے موجود تھے۔
رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے افضل باقی، ان کے بیٹے، گن مین اور ڈرائیور کو سرکاری گاڑی سمیت اغوا کیا تاہم، کچھ فاصلے پر جا کر اغوا کاروں نے افضل باقی کے اہل خانہ کو رہا کر دیا اور گن مین اور ڈرائیور کو بھی چھوڑ دیا گیا۔
اس کے بعد ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنر کی سرکاری گاڑی کو نذرِ آتش کر دیا، اطلاعات کے مطابق اغوا کار افضل باقی اور ان کے بیٹے کو خلیفات ماؤنٹین کی طرف لے گئے۔
ڈپٹی کمشنر زکاء اللہ درانی نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور لیویز اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے بیٹے کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور تحقیقات کثیر الجہتی بنیادوں پر جاری ہیں۔
یہ واقعہ بلوچستان میں دو ماہ سے زائد عرصے میں اسسٹنٹ کمشنر کے اغوا کا دوسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل 4 جون 2025 کو تربت سے کوئٹہ جاتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی کو بھی اغوا کیا گیا تھا۔
یاد رہے اس واقعے نے زیارت جیسے سیاحتی مقام پر سیکیورٹی کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں جو اپنی قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
مقامی افراد نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں ملزمان کی تلاش میں سرگرم ہیں اور جلد ہی افضل باقی اور ان کے بیٹے کو بازیاب کر لیا جائے گا، تاہم، اب تک کسی گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: افضل باقی اور ان کے بیٹے کو کے مطابق
پڑھیں:
زیارت، لیویز فورس کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 5 دہشتگرد گرفتار
ڈپٹی کمشنر زیارت نے بتایا کہ کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جنکا تعلق قندھار، افغانستان سے ہے۔ اسلام ٹائمز۔ لیویز فورس نے بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے پانچ مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ جن کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر زیارت نے بتایا کہ کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جن کا تعلق قندھار، افغانستان سے ہے۔ مبینہ دہشت گردوں کو سپیرا رغہ لیویز چیک پوسٹ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد ہوئے، جن میں 11 ہینڈ گرنیڈ، 3 ایس ایم جیز، 2 ایم فور رائفلز، ایک گرنیڈ لانچر، 9 ایم فور میگزینز، 14 ایس ایم جی میگزینز، 420 ایس ایم جی رانڈز، 230 ایم فور رانڈز، ایک کلو بارودی مواد، 6 وائرلیس سیٹس، 4 موبائل فونز، 2 آر پی جیز، ایک ڈگر، 13 ایمونیشن بیگز، 16 پاور سیلز، 15 ایس ایم جی گرینیڈز، ایک سوزوکی کیری وین، ایک موٹر سائیکل اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا لٹریچر شامل ہے۔