خضدار:سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،خواتین کے کپڑوں میں ملبوس4دہشت گردگرفتار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, October 2025 GMT
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر خضدار میں کارروائی کرتے ہوئے خواتین کے بھیس میں فرار کی کوشش کرنے والے فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یکم اکتوبر کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا اور بھارت کی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چاروں دہشت گرد آپریشن کے دوران بزدلانہ طور پر خواتین کا لباس پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ گرفتار ہونے والے فتنہ الہندوستان کے کارندے متعدد تخریبی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور دہشت گردوں کو ہر حال میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز
پڑھیں:
ڈی آئی خان: سکیورٹی فورسز کارروائی، فتنۃ الخوارج سرغنہ سمیت 10 دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی :(نیوزڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج کے سرغنہ عالم محسود سمیت 10 دہشتگرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، اس دوران 4 خارجی زخمی بھی ہوئے، ہلاک کئے گئے 4 خوارجیوں کا تعلق افغانستان سے ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، خود کش جیکٹس ، آئی ای ڈیز اور اسلحہ برآمد ہوا۔
دوسری جانب ذرائع نے مزید بتایا کہ خارجی عالم محسود 2008 میں نواز کوٹ پوسٹ پر حملے میں ملوث تھا جبکہ بنوں جیل اور آرمی پوسٹ پر حملے میں بھی ملوث رہا ہے۔