پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر حکومت سے علیحدگی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ فیصلہ آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق وزیراعظم انوارالحق کی حکومت کے ساتھ مزید اتحاد اب ممکن نہیں رہا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی مرکزی قیادت کا کہنا ہے کہ پارٹی خطے کی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت ہے اور اب وہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
چوہدری یاسین کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی اپنی آئندہ حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے آج کراچی میں خصوصی اجلاس بلائے گی، جس کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق کراچی اجلاس میں یہ طے کیا جائے گا کہ آیا پیپلز پارٹی حکومت میں بیٹھے گی یا اپوزیشن کا کردار اپنائے گی۔ اگر حکومت سازی کی کوششیں کامیاب رہیں تو چوہدری یاسین وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
دوسری جانب، وفاقی سطح پر اتحادی جماعتوں کے درمیان سیاسی درجہ حرارت میں کمی آتی دکھائی دے رہی ہے۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان لفظی جنگ کے بعد اب سیزفائر ہو گیا ہے۔ دونوں جماعتوں کی قیادت نے اپنے رہنماؤں کو بیان بازی سے باز رہنے کی ہدایت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نواب شاہ میں صدر آصف علی زرداری سے حکومتی وفد نے اہم ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی معاملات پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اختلافات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں گے۔
حکومتی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام صدر زرداری کو پہنچایا۔ وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی شامل تھے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی علیحدگی اور وفاق میں مفاہمت کے اشارے، دونوں مل کر اس بات کی علامت ہیں کہ ملک میں سیاسی صف بندی ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے — جہاں پرانے اتحاد ٹوٹ رہے ہیں اور نئی سیاسی بساط بچھائی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی کے مطابق
پڑھیں:
وزیراعظم شہبازشریف کا آزاد کشمیر میں معاملات خوش اسلوبی سے حل ہونے پراطمینان کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مذاکرات سے آزاد کشمیر میں خوش اسلوبی سے تمام معاملات حل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا،حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر میں مذاکرتی عمل کی کامیابی کے بعد حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں راجہ پرویز اشرف، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وفاقی وزرا احسن اقبال، محمد اورنگزیب، سردار محمد یوسف، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، احد خان چیمہ اور چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان موجود تھے۔(جاری ہے)
وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی کشمیر میں معاملات کو احسن طور سے حل کرنے کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بھی کشمیر کی ترقی و خوشحالی کیلئے معاملہ فہمی کا مظاہرہ کیا جس کیلئے وہ لائق تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر میں تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے، کشمیری عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، عوامی مفاد اور امن ہماری ترجیح ہے، آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے بھی کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کا تحفظ کرتے رہیں گے،آزاد کشمیر کے مسائل پر ہمیشہ توجہ رہی ہے اور میری حکومت نے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر ان مسائل کو حل کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔\932