ونڈوز 10 سپورٹ 14 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے، مگر اسے ایک سال تک مفت حاصل کرنیکا طریقہ جانیں
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس میں دوسرا سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا آپریٹنگ سسٹم مائیکرو سافٹ کا ونڈوز 10 ہے۔
مگر مائیکرو سافٹ کی جانب سے اکتوبر 2025 میں ونڈوز 10 کے لیے سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔
خیال رہے کہ ونڈوز 10 کو جولائی 2015 میں متعارف کرایا گیا تھا اور ایک دہائی بعد کمپنی کی جانب سے اس کی زندگی ختم کی جا رہی ہے۔
14 اکتوبر 2025 کو مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 10 کے لیے سپورٹ ختم کر دی جائے گی مگر آپ کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس پر اسے استعمال کر سکیں گے۔
البتہ کمپنی کی جانب سے ونڈوز 10 کے لیے سافٹ وئیر اور سکیورٹی اپ ڈیٹس جاری نہیں کی جائیں گی اور صارفین کو ونڈوز 11 پر سوئچ کرنے کا مشورہ دیا جائے گا۔
اس وقت لگ بھگ 43 فیصد کمپیوٹرز میں ونڈوز 10 کو استعمال کیا جا رہا ہے اور متعدد صارفین اسے ونڈوز 11 سے اپ گریڈ کرنے کے خواہشمند نہیں یا ان کا کمپیوٹراس کا اہل نہیں۔
اب صارفین کے پاس بنیادی طور پر 3 آپشنز ہیں۔
ایک تو یہی ہے کہ وہ اپنے کمپیوٹر پر ونڈوز 11 کو مفت اپ گریڈ کرلیں، اگر ان کی ڈیوائس اس کی اہل ہے۔
دوسرا یہ کہ ایسا نیا کمپیوٹر خریدیں جس میں ونڈوز 11 پہلے سے انسٹال ہو یا کسی متبادل آپریٹنگ سسٹم جیسے میک یا کروم بک پر سوئچ کر جائیں۔
تیسرا آپشن یہ ہے کہ ونڈوز 11 کو ابھی بھول جائیں اور ایکسٹینڈ سکیورٹی اپ ڈیٹس (ای ایس یو) پر سائن اپ کریں، تاکہ ایک سال تک ونڈوز 10 پر اپ ڈیٹس موصول ہوتی رہیں۔
چونکہ تیسرا آپشن آسان ہے اور اسے مفت بھی حاصل کیا جاسکتا ہے، تو اس پر عملدرآمد کا طریقہ جان لیں۔
ایکسٹینڈ سکیورٹی اپ ڈیٹس پر سائن اپ کیسے کریں؟
اگر کمپیوٹر کو سکیورٹی اپ ڈیٹس موصول نہ ہوں تو وقت گزرنے کے ساتھ میل وئیر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھے گا، مگر ای ایس یو سے ایک سال تک ونڈوز 10 کی سکیورٹی مستحکم رہے گی۔
ایک موقع پر مائیکرو سافٹ کی جانب سے 12 ماہ کی ایکسٹینشن کے لیے 30 ڈالرز فیس کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، مگر اب ونڈوز 10 کے صارفین کے لیے ایک مفت راستہ دیا گیا ہے۔
سب سے پہلے کمپیوٹر کو اپ ٹو ڈیٹ کریں
آپ سیٹنگز، سسٹم اور اباؤٹ میں جاکر دیکھ سکتے ہیں کہ کمپیوٹر اپ ٹو ڈیٹ ہے یا نہیں۔
ایڈمنسٹریٹر اکاؤنٹ کا استعمال یقینی بنائیں
اگر آپ کمپیوٹر کو گھر میں دیگر افراد سے شیئر کرتے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایڈمنسٹریٹر اکاؤنٹ سے سائن ان ہوں۔
عام طور پر کسی کمپیوٹر میں سب سے پہلے بنایا جانے والا اکاؤنٹ ایڈمنسٹریٹر ہوتا ہے، مگر آپ اسے سیٹنگز اور یور انفو میں جاکر بھی دیکھ سکتے ہیں۔
یہ دیکھیں کہ آپ کا کمپیوٹر ونڈوز 11 اپ گریڈ کا اہل ہے یا نہیں
اگر آپ کو ونڈوز 11 اپ گریڈ کا آپشن نظر آئے تو ایسا کرلیں کیونکہ یہ مفت ہے۔
ایکسٹینڈ سکیورٹی اپ ڈیٹس پر سائن اپ کریں
اس کے لیے سیٹنگز مینیو میں اپ ڈیٹس اینڈ سکیورٹی کو سلیکٹ کرکے وہاں Enroll now سائن اپ لنک پر کلک کریں۔
اگر Enroll now لنک نظر نہیں آرہا تو پھر ممکنہ طور پر کمپیوٹر میں تازہ ترین ونڈوز 10 اپ ڈیٹس انسٹال کرنے کی ضرورت ہوگی۔
اپ گریڈ کا طریقہ کار منتخب کریں
Enroll now پر کلک کرنے پر آپ کے سامنے چند آپشنز نظر آئیں گے، جن میں سب سے آسان بیک اپ یور پی سی سیٹنگز ہے۔
یہ مفت ہے مگر اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے کیونکہ اس کے لیے آپ کو ڈیٹا بیک اپ کی ضرورت ہوگی۔
مگر اس مفت آپشنز کے ساتھ 2 شرائط منسلک ہیں، ایک تو یہ کہ آپ کو اپنی ونڈوز لاگ ان کو مائیکرو سافٹ کی کلاؤڈ آن لائن سروس سے منسلک کرنا ہوگا۔
دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ آپ کو مفت بیک اپ کے لیے صرف 5 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگی، جس کے بعد مائیکرو سافٹ ون ڈرائیو سروسز کو ادائیگی کرنے کی ضرورت ہوگی۔
مگر آپ ان فائلز کو روک سکتے ہیں جن کا بیک اپ نہیں چاہتے، اس مقصد کے لیے سیٹنگز اور پھر ون ڈرائیو پر کلک کرکے مختلف آپشنز جیسے ڈاکومنٹس، پکچرز اور ویڈیوز کو ٹرن آف کرسکتے ہیں۔
ایک بار جب آپ سائن ان ہو جائیں گے تو ایک پوپ اپ ونڈو سامنے آئے گی جس پر لکھا ہوگا کہ ایڈ دس ڈیوائس ٹو ریسیو ایکسٹینڈ سکیورٹی اپ ڈیٹس، وہاں ایڈ ڈیوائس ٹو Enroll پر کلک کریں۔
ایسا کرنے کے بعد آپ کے کمپیوٹر کو 12 ماہ تک اپ ڈیٹس کے لیے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: مائیکرو سافٹ کی کمپیوٹر کو کی جانب سے ونڈوز 10 کے کی ضرورت سائن اپ اپ گریڈ ونڈوز 11 پر کلک بیک اپ کے لیے
پڑھیں:
ورزش اور ڈائٹنگ کے بغیر سردی میں وزن کم کرنے کا حیرت انگیز طریقہ
جسمانی وزن بڑھ جائے، خاص طور پر پیٹ آگے نکل آئے تو اکثر لوگ ڈائٹنگ، سخت ورزش یا مہنگے فٹنس پلانز کی طرف دوڑ پڑتے ہیں۔ مگر حیرت انگیز بات یہ ہے کہ وزن میں کمی کا ایک ایسا طریقہ بھی موجود ہے جس کے لیے نہ جم جانا پڑتا ہے، نہ کیلوریز گننے کی ضرورت ہوتی ہے، بس موسم کی سردی برداشت کرنا کافی ہے۔
ماہرین کے مطابق سرد موسم میں جسم اپنے درجہ حرارت کو برقرار رکھنے کے لیے زیادہ محنت کرتا ہے، جس سے کیلوریز تیزی سے جلتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کپکپی کے دوران جسمانی وزن گھٹنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
انسانی جسم میں چربی کی دو اقسام ہوتی ہیں: سفید اور بھوری۔
سفید چربی وہ ہے جو ضرورت سے زائد کیلوریز کے جمع ہونے سے بڑھتی جاتی ہے اور بالآخر وزن میں اضافہ، ذیابیطس ٹائپ 2 اور دل کی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔ اس کے برعکس بھوری چربی جسم کے لیے فائدہ مند تصور ہوتی ہے کیونکہ یہ حرارت پیدا کرتی ہے، توانائی دیتی ہے اور میٹابولزم کو بہتر بناتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دبلے افراد کے جسم میں بھوری چربی موٹے افراد کی نسبت زیادہ ہوتی ہے، اور ماہرین کے مطابق کم درجہ حرارت بھوری چربی کی سرگرمی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
2012 میں ہونے والی ایک تحقیق میں دیکھا گیا کہ سردی سے پیدا ہونے والی کپکپی کے دوران بھوری چربی کے خلیے زیادہ فعال ہو جاتے ہیں، یعنی یہ چربی جلنے لگتی ہے اور جسم حرارت پیدا کرنے لگتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ سرد موسم قدرتی طور پر کیلوریز جلانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
2014 کی ایک تحقیق میں مزید انکشاف ہوا کہ کپکپی کے دوران Irisin نامی ہارمون بھی متحرک ہوتا ہے، جو چربی گھلانے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ سرد موسم میں صرف 15 منٹ کی کپکپی جسم کے لیے ایک گھنٹے کی ورزش جتنی کیلوریز جلا سکتی ہے۔
اس لیے اگر سردیوں میں کبھی ہلکی کپکپی محسوس ہو تو اسے محض تکلیف نہ سمجھیں، یہ آپ کے میٹابولزم کے تیز ہونے اور وزن میں ممکنہ کمی کا اشارہ بھی ہو سکتی ہے۔