وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے روس کے سفیر البرٹ پی خوروف کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات، شمالی علاقہ جات کی قدرتی خوبصورتی، سیاحت کے فروغ اور میڈیا تعاون پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 18th, October 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوروف نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، شمالی علاقہ جات کی قدرتی خوبصورتی، سیاحت کے فروغ اور میڈیا تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (اے پی پی) اور روس کی Sputnik نیوز ایجنسی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے علاوہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی ورلڈ) اور آر ٹی (رشین ٹی وی) کے مابین تعاون کے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر عوامی سطح کے تبادلہ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل انفلوئنسرز اور نوجوانوں پر مشتمل وفود کے تبادلوں سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔(جاری ہے)
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی سفارتی تعلقات استوار ہیں۔ روس کے سفیر نے کہا کہ پاکستان میں شمالی علاقہ جات کی سیاحتی صلاحیت دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے پرکشش ہے، روسی سیاح پاکستان کے سیاحتی علاقوں میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات کو نئی جہتوں سے استوار کرتے ہوئے عملی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔ دونوں رہنمائوں نے میڈیا، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے روس کے
پڑھیں:
افواہیں منظم سازش کا حصہ، پی ٹی آئی کا ملک دشمن عناصر سے گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا: عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) — وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ملک میں پھیلائی جانے والی افواہیں ایک منظم سازش کا حصہ ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کا کردار اس سازش میں واضح طور پر سامنے آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ملک دشمن عناصر سے گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے جبکہ اداروں اور ریاست کو کمزور کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے سینئر صحافیوں کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر انتہائی اہم بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ افغانستان سے دراندازی روکنے کے لیے پاک فوج مسلسل مؤثر کارروائیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی کمزوریاں اور کوتاہیاں سرحد پار سے بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کی بڑی وجہ ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے چار ہزار سے زائد کیسز ایسے ہیں جن میں تاحال فردِ جرم تک عائد نہیں ہو سکی۔ گزشتہ بارہ برسوں میں صوبے میں کوئی مؤثر پراسیکیوشن سسٹم نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “انہیں اڈیالہ جیل کے باہر نعرے لگانا تو آتا ہے لیکن پراسیکیوشن کے سپیلنگ تک نہیں آتے۔” ان کے مطابق صوبے کا پراسیکیوشن نظام نہ ہونے کے برابر ہے جس کے باعث دہشت گردوں کے خلاف مقدمات کا ٹرائل ممکن نہیں ہو پاتا۔
وفاقی وزیر نے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا حکومت میں سیاسی لوگوں کا منشیات فروشوں، کرمنلز اور دہشت گردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ایک ’’پولیٹیکل ٹیرر کرائم نیکسس‘‘ کو جنم دے چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں منشیات کی سمگلنگ صوبائی حکومت کی نگرانی میں چل رہی ہے اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت ان کے قریبی لوگ اس دھندے میں ملوث ہیں۔ وزیر اطلاعات نے انکشاف کیا کہ جنوری تا اگست 2025 کے دوران ڈرگ ٹریفکنگ کے دس ہزار سے زائد مقدمات رجسٹرد ہوئے، مگر صرف 679 میں سزا سنائی جا سکی۔
عطاء اللہ تارڑ نے خیبر پختونخوا میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی کھلے عام موجودگی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صوبہ دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں ہزاروں غیر قانونی گاڑیاں باقاعدہ این سی پی پلیٹ لگا کر چلتی ہیں۔ ان گاڑیوں کی وجہ سے قومی خزانے کو ہر سال اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ صوبائی حکومت اس غیر قانونی کاروبار کو روکنے میں مکمل ناکام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بشام کے حساس واقعہ میں بھی نان کسٹم پیڈ گاڑی استعمال ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ گاڑیاں چیک کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے، فوج کا نہیں۔ خیبر پختونخوا میں انتظامی ناکامی اپنی مثال آپ ہے۔”
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صوبے میں مائنز کے غیر قانونی ٹھیکوں نے ماحولیات کو نقصان پہنچایا ہے، جبکہ ٹمبر اور ڈرگ مافیا کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ ان کے مطابق یہ مافیاز سالانہ تقریباً 2300 ارب روپے کا نقصان قومی خزانے کو پہنچاتے ہیں۔ اگر نان کسٹم پیڈ گاڑیاں باقاعدہ رجسٹرڈ کر لی جائیں تو 800 ارب روپے تک کی آمدن حاصل ہو سکتی ہے، اور اگر ٹوبیکو مافیا ٹیکس ادا کرے تو کم از کم 500 ارب روپے قومی خزانے میں جمع ہو سکتے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق خیبر پختونخوا میں دہشت گرد انہی غیر قانونی دھندوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں، اسی لیے دہشت گرد فوج، پولیس اور تعلیمی اداروں پر تو حملے کرتے ہیں لیکن منشیات اور اسلحہ سمگلروں کو نہیں چھیڑتے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہر بار افغانستان کی جانب سے کی جانے والی دراندازی کا بھرپور جواب دیا اور دہشت گرد اپنے سازوسامان چھوڑ کر بھاگ گئے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کو صرف اس بات کا دکھ ہے کہ فوج نے دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست دی۔
وزیر اطلاعات نے اسلام آباد جی الیون کچہری حملے کو افغانستان سے جڑا ہوا قرار دیتے ہوئے بتایا کہ خودکش بمبار اور ہینڈلرز کی تربیت افغانستان میں ہوئی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اس واقعے کی مذمت تک نہ کی۔
انہوں نے عمران خان اور ان کے قریبی حلقے پر بھی سخت تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ “عمران نیازی کی بہنیں 9 مئی کو کور کمانڈر ہاؤس میں موجود تھیں اور ان کی موجودگی ثبوتوں کے ساتھ سامنے آ چکی ہے۔” عطاء تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما پاکستان مخالف بیانیہ انڈین میڈیا پر لے جا کر ملک کو بدنام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “نورین خان نیازی نے بھارتی چینل پر جا کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا، مگر بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم یا کشمیر کی صورتحال پر ایک لفظ نہ کہا۔”
عطاء اللہ تارڑ نے اعلان کیا کہ 9 مئی کے منصوبہ ساز اور سہولت کار قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ایف بی آر کی اصلاحات کے ذریعے ملک کو معاشی طور پر مستحکم کر رہی ہے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت پہاڑ کاٹنے اور غیر قانونی دھندے چلانے میں مصروف ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے آخر میں کہا کہ ’’ہماری مسلح افواج چاک و چوبند ہیں اور ملک دشمن عناصر کو ناکام بنانے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔‘‘