40 ارب روپے کرپشن اسکینڈل کا ماسٹر مائنڈ گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 19th, October 2025 GMT
قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے ملک کے سب سے بڑے مالیاتی اسکینڈلز میں سے ایک، کوہستان 40 ارب روپے کرپشن کیس کے مرکزی ملزم قیصر اقبال کو اہلیہ سمیت گرفتار کر لیا جبکہ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں بعض بااثر اور اہم شخصیات کی گرفتاریوں کا امکان ہے۔ ملزم کے گھر سے سونا، غیر ملکی کرنسی، قیمتی گاڑیاں، جائیدادوں کے اصل کاغذات اور چیکس کے ریکارڈ برآمد، نیٹ ورک محکمانہ افسران سے بھی اوپر تک پھیلا، سینئر افسران کی ملی بھگت سے کئی سال تک چلتا رہا۔نیب حکام کے مطابق ملزم قیصر اور ان کی اہلیہ کو ایبٹ آباد میڈیکل کمپلیکس سے ڈسچارج ہونے کے فوراً بعد حراست میں لیا گیا۔ ملزمان پر 40 ارب روپے سے زائد عوامی فنڈز کے غبن کا الزام ہے۔نیب ذرائع کے مطابق کوہستان کرپشن کیس میں سرکاری خزانے کے اکاؤنٹ G-10113 سے غیر قانونی طور پر اربوں روپے نکلوائے گئے۔ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس، اے جی آفس اور نیشنل بینک آف پاکستان کے افسران و اہلکاروں نے اپر کوہستان کے کنٹریکٹرز اور نجی افراد کے ساتھ ملی بھگت سے سرکاری منصوبوں کے لیے مختص رقوم کو خرد برد کیا۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ جعلی بل، فرضی شیڈولز اور بوگس چیک تیار کرکے سرکاری خزانے سے اربوں روپے نکلوائے گئے۔ نیب نے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جن میں سرکاری ملازمین، بینکرز اور کنٹریکٹرز شامل ہیں، جبکہ سونا، غیر ملکی کرنسی، نقد رقم، قیمتی گاڑیاں اور اربوں روپے مالیت کی جائیدادیں برآمد کی گئی ہیں۔نیب کے مطابق قیصر اقبال جو کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) ڈپارٹمنٹ اپر کوہستان میں کلرک اور بعد ازاں ہیڈ کلرک کے عہدے پر تعینات رہا، اس اسکینڈل کا مرکزی کردار اور ماسٹر مائنڈ ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
ٹماٹر مرغی کے گوشت سے بھی مہنگا
شہر قائد میں فی کلو ٹماٹر مرغی کے گوشت سے بھی مہنگا ہو گیا۔کراچی میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 500 روپے سے تجاوز کرگئی ہے، جب کہ مرغی کا گوشت 450 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں اور گلی محلوں میں ٹماٹر 450 سے 550 روپے فی کلو کے درمیان دستیاب ہے۔دکانداروں کے مطابق افغانستان سے ٹماٹر کی آمد بند ہونے اور پنجاب سے سپلائی محدود ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت کراچی میں ٹماٹر کی 90 فیصد طلب ایرانی ٹماٹر سے پوری کی جا رہی ہے، تاہم اس کی رسد بھی ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے ٹماٹر کے سرکاری نرخ 280 روپے فی کلو مقرر کیے ہیں، مگر بچت بازاروں سمیت عام مارکیٹوں میں دکاندار سرکاری نرخوں پر فروخت سے انکار کر رہے ہیں۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈی سے ٹماٹر مہنگا ملنے کی وجہ سے وہ سستا فروخت نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق اگر انتظامیہ چاہتی ہے کہ سرکاری نرخ پر فروخت ہو تو پہلے منڈی میں جا کر نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔بچت بازار انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر دکاندار سرکاری نرخوں پر عمل نہیں کرسکتے تو انہیں فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔