پنجاب پولیس کی کچے کے علاقے میں کامیاب کارروائی، مغوی بازیاب، دو اغوا کار گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں انٹیلی جنس آپریشن کر کے مغوی شہری کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رحیم یار خان پولیس نے تھانہ احمد پور لمہ کی حدود میں مصدقہ اطلاع پر آپریشن کر کے مغوی شہری وقار سومرو کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران کچے کے علاقے سے اغوا کار موٹا کوش اور فاروق عباسی کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وقار سومرو نامی شہری کو چند روز قبل مسلح ملزمان نے چوک چدھڑ سے اغوا کیا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ احمد پور لمہ میں درج تھا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی شہری کی بحفاظت بازیابی اور اغوا کاروں کی گرفتاری پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دی ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان
پڑھیں:
امریکا میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور حملے کی منصوبہ بندی پر پاکستانی نژاد امریکی شہری گرفتار
امریکی شہر ڈیلاویئر میں پاکستانی نژاد امریکی نوجوان کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 25 سالہ لقمان خان کی گرفتاری 24 نومبر کی رات عمل میں آئی جب پولیس نے کینبی پارک ویسٹ میں ایک ٹرک کو روکا جس میں لقمان موجود تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گاڑی سے باہر نکلنے کے احکامات پر عمل نہ کیا اور مزاحمت کی جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کی تحقیقات کے دوران لقمان خان کے ٹرک سے پستول، میگزین اور مبینہ حملے کی منصوبہ بندی کی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ برآمد ہونے والی دستاویز میں یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کے پولیس اسٹیشن کا خاکہ، داخلی و خارجی دروازوں کے نشانات اور ایک پولیس افسر کا نام شامل تھا۔
ایف بی آئی نے گرفتار ی کے ایک دن بعد 25 نومبر کو لقمان خان کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے مزید جدید اسلحہ برآمد کیا گیا۔ امریکی حکام کے مطابق لقمان خان یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کا طالب علم اور پاکستانی نژاد امریکی شہری ہے اور وہ یونیورسٹی کے پولیس ڈپارٹمنٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
ملزم پر غیر قانونی مشین گن رکھنے اور حملے کی منصوبہ بندی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، ملزم کو 11 دسمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ لقمان خان کا ماضی میں کسی قسم کا کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں ہے۔