سندھ بلڈنگ ،کمزور بنیادوں پر کھڑی موت کی منزلیں، رہائشی خوف زدہ
اشاعت کی تاریخ: 23rd, October 2025 GMT
غیر قانونی کھڑی بالائی منزلیں رہائشیوں کے لیے موت کا سامان، انتظامیہ گہری نیندمیں
ڈائریکٹر سید ضیاء اور بلڈر مافیا کی ملی بھگت !پلاٹ نمبر E6 میںٹوٹتی دیواریں، پھٹتی دراڑیں
(اسٹاف رپورٹر) پاک کالونی میں واقع پلاٹ نمبر E6 کی کمزور بنیادوں پر غیر قانونی طور پر کھڑی کی گئی بالائی منزلیں رہائشیوں کے لیے موت کا سامان بن گئی ہیں، جبکہ متعلقہ محکموں اور ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سید ضیاء کی ملی بھگت اور چشم پوشی نے اس خطرناک کھیل کو فروغ دیا ہے ۔مقامی رہائشیوں کے مطابق عمارت کی بنیادیں اتنی کمزور ہیں کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران عمارت کے ستونوں اور دیواروں میں بڑی دراڑیں پڑ گئی ہیں۔’’ہم ہر دن موت کے ساتھ سوتے ہیں اور موت کے ساتھ اٹھتے ہیں‘‘،جرأت سروے ٹیم سے بات کرتے ہوئے ایک بزرگ رہائشی محمد صدیق نے دھیمی آواز میں بتایا، ’’رات کو جب بھی کوئی ٹرک گزرتا ہے ، ایسا لگتا ہے جیسے پوری عمارت ہل رہی ہو‘‘۔مقامی ذرائع کے مطابق ٹھیکیداروں نے محکمہ بلدیات اور متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کو بھاری رشوت دے کر تعمیراتی اجازت نامہ حاصل کیا ہے ۔ایک خوفزدہ رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا، ’’جب بھی ہم نے شکایت کی، ٹھیکیداروں نے کھلم کھلا کہا کہ انہیں کسی کی پرواہ نہیں، ان کے پیچھے ’بڑے لوگ‘کھڑے ہیں۔’’رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے محکمہ بلدیات میں متعدد بار تحریری شکایات درج کرائیں، مگر ہر بار انہیں خاموش کروادیا گیا۔ دوسری طرف محکمہ بلدیات کے ترجمان نے معمولی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’معاملے کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے‘‘ ۔یہی بیانات مہینوں سے دہرائے جا رہے ہیں۔شہری حقوق کے کارکن عمر فاروق نے انتظامیہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا،’’یہ صرف عمارت کا معاملہ نہیں، انسانی جانوں سے کھیلنے کا معاملہ ہے ۔ انتظامیہ کے کچھ اہلکاروں نے پورے محلے کی سلامتی سے کھیلنا شروع کر دیا ہے ۔ ہم فوری طور پر سٹیک ہولڈرز کی جانب سے سپریم کورٹ میں اس معاملے کو اٹھانے کا فیصلہ کر چکے ہیں‘‘۔عمارت کے مکینوں نے حکام کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر عمارت کا معائنہ نہ کروایا گیا اور غیر قانونی تعمیرات کو بند نہ کروایا گیا،تو وہ ہائی کورٹ کے باہر دھرنا دے کر احتجاج کریں گے ۔سندھ بلڈنگ کا یہ معاملہ شہر میں ہونے والی غیرقانونی تعمیرات اور انتظامیہ کی ملی بھگت کا ایک المیہ ہے ۔اگر فوری طور پر اس معاملے پر توجہ نہ دی گئی، تو کسی بڑے حادثے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے ، جس کی ذمہ داری براہ راست متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
سندھ ہر قوم، تہذیب اور ثقافت کو اپنے دامن میں جگہ دینے والی دھرتی: گورنر
کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ کلچر ڈے کے موقع پر گورنر ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ہر قوم، ہر تہذیب اور ہر ثقافت کو اپنے دامن میں جگہ دینے والی دھرتی ہے۔ یہ وہ سرزمین ہے جہاں لعل شہباز قلندر، سچل سرمست اور شاہ عبداللطیف بھٹائی نے امن، محبت اور رواداری کا درس دیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ محمد بن قاسم کی آمد نے سندھ کو بابل اسلام بنایا اور اس خطے میں اسلام کی روشنی پھیلائی۔ انہوں نے موئن جو دڑو کو سندھ کی قدیم اور شاندار تہذیب کی زندہ مثال قرار دیا۔ گورنر کامران خان ٹیسوری نے پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا: "سندھ جئے، سندھ وارا جیٔن!" انہوں نے اس دن کو سندھ کی محبت، ثقافت اور تہذیب کے عظیم جشن کے طور پر بیان کیا۔ گورنر سندھ نے ملکی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کا تعلق یقین سے ہے اور ہر حال میں اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے 10 مئی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پانچ گنا طاقتور ملک کو شکست دی، ہم ایک فاتح قوم ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی معاشی استحکام کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اب ترقی کی اڑان بھر چکا ہے۔