کراچی، 45 ہزار تنخواہ لینے والے کروڑ پتی گھریلو ملازم کی تفصیلات سامنے آگئیں
اشاعت کی تاریخ: 24th, October 2025 GMT
کراچی:
ساحل پولیس کے ہاتھوں پکڑا گیا کروڑ پتی گھریلو ملازم 45 ہزار روپے تنخواہ پر بزرگ جوڑے کی خدمت پر رکھا گیا تھا جو اہل خانہ کا اعتماد حاصل کر کے کروڑ پتی بن گیا۔
ایس ایچ او ساحل خالد رفیق نے بتایا کہ ڈیفنس فیز 8 کے بنگلے میں رہائش پذیر بزرگ میاں بیوی کی خدمت کے لیے رکھا گیا گرفتار گھریلو ملازم واجد 45 ہزار روپے تنخواہ پر ملازمت کر رہا تھا جو کہ بزرگ جوڑے کی دیکھ بھال کے علاوہ گھر کا نظام بھی چلا رہا تھا، بزرگ جوڑے کے بچے امریکا میں مقیم ہیں جو وہاں سے والدین کی دیکھ بھال کے لیے رقم بھیجتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ 3 سال قبل بزرگ کا انتقال ہوگیا تھا اور ان کی بیوہ، جن کی عمر 85 سال سے زیادہ ہے، گھر پر اکیلی رہائش پذیر تھیں اور ان کی تیمارداری اور خدمت کی ساری ذمہ داری ملزم واجد پر تھی جس نے اہل خانہ کا اعتماد حاصل کر کے ان کے پیسوں میں ہیر پھیر کر کے خود کروڑ پتی بن گیا اور شاہانہ زندگی گزار رہا تھا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے گھر سے بھاری مالیت کا سونا، غیر ملکی کرنسی اور نقدی چوری کی تھی، بزرگ جوڑے کی بیٹی اپنے والدین سے ملنے آئی تو اس نے صورت حال کا جائزہ لیا تو اسے گڑبڑ دکھائی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران گھر میں ایک چوری کی واردات ہوئی تو امریکا سے آئی ہوئی خاتون نے پولیس سے شکایت کی اور جب گھریلو ملازم کو حراست میں لیا گیا تو انکشاف ہوا کہ ملزم نے اسلام آباد اور ہری پور میں پلاٹ خریدے تھے اور گاڑیوں کے ساتھ ساتھ کراچی میں ایک فلیٹ بھی خریدا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی؛ ڈیفنس میں ایک اور کروڑ پتی گھریلو ملازم گرفتار
ایس ایچ او کے مطابق گرفتار ملزم کے دوست اور رشتے دار بھی اس گھر میں آتے تھے اور ملزم نے 3 کروڑ 45 لاکھ روپے خرد بورد کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس ملزم سے بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر حوالے سے تفتیش کر رہی ہے اور مزید سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ ساحل پولیس نے ملزم واجد کو خاتون کی شکایت پر گزشتہ روز گرفتار کر لیا تھا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گھریلو ملازم نے بتایا کہ بزرگ جوڑے کروڑ پتی
پڑھیں:
راولپنڈی میں 3 کروڑ سے زائد مالیت کے 60 آئی فونز اسمگلنگ کیس میں ملزم کو 6 سال قید
انسداد کسٹم جرائم کی خصوصی عدالت نے 3 کروڑ 14 لاکھ روپے مالیت کے 60 آئی فون اسمگل کرنے کے کیس میں ملزم ظہور کو جرم ثابت ہونے پر 6 سال قید کی سزا سنا دی۔ جج شبانہ رسالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا جبکہ قبضے میں لیے گئے 60 پیک بند آئی فون بھی بحق سرکار ضبط کا حکم دیا۔ ملزم دبئی سے یہ قیمتی آئی فون پاکستان اسمگل کرتے ہوئے گرفتار ہوا، ملزم ظہور کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔ سزا کے بعد ملزم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔