پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کا اعلان کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 26th, October 2025 GMT
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے کا فیصلہ کرلیا، نئے قائد ایوان کے نام کا اعلان منگل تک متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق 27 اکتوبر کو کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف ریاست بھر میں یوم سیاہ منایا جاتا ہے اس لیے فوری طور پر نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا اور یوم سیاہ کے بعد تحریک عدم اعتماد بھی پیش کی جائے گی۔ یہ فیصلہ صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اجلاس میں کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے جا رہے ہیں۔ جس کے نمبر مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم چوہدری انوار الحق مستعفی نہ ہوئے تو ہم تحریک عدم اعتماد پیش کریں گے۔ آزاد کشمیر میں نئے وزیر اعظم کیلئے پی پی پی کے چار اہم رہنماؤں کے درمیان سخت مقابلہ ہے جن میں صدر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری یاسین، اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، سینئر نائب صدر پی پی پی سردار یعقوب اور سیکرٹری جنرل راجہ فیصل ممتاز راٹھور شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق موجودہ اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نئے وزیر اعظم کیلئے فیورٹ ہیں، تاہم بعض ارکان نے مرکزی قیادت کو تجویز دی ہے کہ چوہدری یاسین چونکہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر ہیں۔ اس لیے انہیں قائد ایوان نامزد کیا جائے۔ نئے وزیراعظم کے نام کا حتمی فیصلہ صدر آصف علی زرداری کریں گے جس کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس کا اعلان کریں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
شازیہ مری کا پی ٹی آئی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ
فائل فوٹوپاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے پی ٹی آئی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان میں سیاست کے بجائے ریاست پر حملہ اور غیرملکی میڈیا کا انتخاب کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کے زیر انتظام بھارتی چینلز پر پاکستان پر حملہ کرنا شرمناک ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو غیرملکی میڈیا پر پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے بھیجا گیا، یہ طرز عمل حل کی بجائے افراتفری پیدا کرنے کا نمونہ ہے۔
پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس اس بیانیے کے خلاف تھی جو پاکستان کو کمزور کر رہا ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف بدنامی کی بجائے سیاست پر توجہ دے۔ سب جانتے ہیں پی ٹی آئی مشکوک اکاؤنٹس سے غیر ملکی فنڈنگ پر زندہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی پی پی کو پاکستان کی تاریخ میں بدترین تشدد کا سامنا کرنا پڑا، شہید بھٹو کا عدالتی قتل اور شہید محترمہ کا قتل پیپلز پارٹی کے عزم کو توڑ نہیں سکا۔
پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ صدر زرداری نے 12 سال جیل میں گزارے لیکن پھر بھی ’پاکستان کھپے‘ کا نعرا لگایا۔ ظلم کے باوجود پی پی نے کبھی اداروں کو نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی کبھی ذاتیات کی سیاست کی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی اپنے ملک کے خلاف سازش نہیں کی، ہم جمہوریت پسند ہیں اور پُرامن اختلاف رائے کو اہمیت دیتے ہیں۔
مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ اُمید کرتے ہیں پی ٹی آئی اور دیگر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے تاکہ پاکستان آگے بڑھ سکے۔