سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، دراندازی کی کوشش ناکام، 25 دہشت گرد ہلاک، 5 جوان شہید
اشاعت کی تاریخ: 26th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں گھکی کرم اور اسپن وام میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 25 خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ پاک فوج کے 5 جوان مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 24 اور 25 اکتوبر کی درمیانی شب فتنۃ الخوارج کے دو بڑے گروہوں نے سرحد پار سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسپن وام کے علاقے میں 4 خود کش حملہ آوروں سمیت 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کرم کے علاقے گھکی میں مزید 10 دہشت گرد مارے گئے، جب کہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، کارروائی کے دوران پاک فوج کے پانچ جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہید ہونے والے نوجوانوں میں حوالدار منظور حسین (35 سال، ضلع غذر گلگت بلتستان)، سپاہی نعمان الیاس کیانی (23 سال، ضلع پونچھ آزاد کشمیر)، سپاہی محمد عادل (24 سال، ضلع قصور)، سپاہی شاہ جہاں (25 سال، ضلع وہاڑی)، سپاہی علی اصغر (25 سال، ضلع پاک پتن) شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ترکیہ میں ہونے والے پاک افغان مذاکرات کے باوجود فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان مسلسل افغان حکومت پر زور دے رہا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کے اطراف مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے تاکہ دہشت گرد پاکستان میں داخل نہ ہوسکیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کو توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کو پاکستانی سرزمین کے خلاف افغان علاقے کے استعمال سے روکے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم اور غیر متزلزل ہیں، ویژن عزمِ استحکام کے تحت جاری سینیٹائزیشن آپریشن کے ذریعے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
قوم نے شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے دی گئی یہ جانیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی جبکہ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک افغان سرحد پر مزید سخت اقدامات کیے جائیں۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: پاک فوج کے کے مطابق ایس پی
پڑھیں:
شکارپور، پولیس کا بروقت ایکشن، ڈکیتی کی واردات ناکام، ایک ڈاکو ہلاک، پانچ فرار
شکارپور:شکارپور کے علاقے جاگن لنک روڈ پر ڈکیتی کی اطلاع پر پہنچنے والی اسٹورٹ گنج پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے پانچ ساتھی فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت نادر مہر سکنہ رستم کے نام سے ہوئی ہے، جو اقدامِ قتل، پولیس مقابلوں، ڈکیتی اور دیگر سنگین نوعیت کے 11 مقدمات میں مطلوب تھا۔
موقع پر موجود ڈاکو دو موٹر سائیکلز پر گلاب سعد خانانی، واجد سومرو اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ واردات کی نیت سے گھات لگائے بیٹھے تھے۔
ڈکیتوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں نادر مہر ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر پانچ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ہلاک ڈاکو کے قبضے سے کلاشنکوف، میگزین اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی شکارپور کے مطابق فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔