آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی، ن لیگ کی کمیٹی آج صدر مملکت سے ملاقات کرے گی
اشاعت کی تاریخ: 27th, October 2025 GMT
آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی کمیٹی آج صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کرے گی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی میں وفاقی وزیر احسن اقبال، رانا ثنااللّٰہ اور وفاقی وزیر امیر مقام شامل ہوں گے۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سے فیصل راٹھور اور چوہدری یاسین بھی شریک ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا وفد صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے مشاورت کرے گا، جبکہ پیپلز پارٹی ملاقات کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر کے امیدوار کا اعلان کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی آصف زرداری سے ٹیلیفونک گفتگو کے بعد یہ ملاقات طے ہوئی۔
مزید بتایا گیا کہ پیپلز پارٹی قیادت نے چوہدری یاسین، لطیف اکبر اور فیصل راٹھور سے حتمی ناموں پر مشاورت مکمل کرلی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر تنظیم نے پارٹی قیادت کو اپوزیشن میں ہی رہنے کا پیغام پہنچایا ہے، جبکہ حکومتی کمیٹی آزاد کشمیر کی تنظیم کے مؤقف کو لے کر صدرِ پاکستان سے ملاقات کرے گی۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گاڑیوں کی درآمد کے طریقہ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی
اسلام آباد:اقتصادری رابطہ کمیٹی نے گاڑیوں کی درآمد کے طریقہ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی اور گاڑیوں کی درآمد کی مدت دو سال سے بڑھا کر تین سال کر دی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پاور ڈویژن نے آئندہ مالی سال کے سرکلر قرضہ منصوبے پر بریفنگ دی جبکہ کمیٹی نے پاور سیکٹر میں مالی پائیداری اور کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی اور پاور ڈویژن کو مالی مدد بتدریج کم کرنے کا درمیانی مدت منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا گیا۔
اجلاس میں بیرون ملک سے گاڑیوں کی درآمد کے طریقہ کار میں تبدیلیوں کی منظوری دے دی گئی اور نئی پالیسی کے تحت درآمدی گاڑیوں پر تحفظ اور ماحولیاتی معیار لاگو ہوں گے، گاڑیوں کی درآمد کی مدت دو سال سے بڑھا کر تین سال کر دی گئی۔
فیصلہ کیا گیا کہ درآمد شدہ گاڑیاں ایک سال تک کسی دوسرے کے نام منتقل نہیں کی جا سکیں گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں صرف رہائش کی منتقلی اور تحفہ اسکیم برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، پیٹرول کمپنیوں اور ڈیلروں کے منافع میں 5 سے 10 فیصد تک ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں منافع میں نصف اضافہ فوری جبکہ نصف ڈیجیٹائزیشن کی پیش رفت سے مشروط قرار پایا گیا اورپیٹرولیم ڈویژن کو یکم جون 2026 تک پیش رفت رپورٹ دینے کی ہدایت کی گئی۔
وزیرخزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں کلوروفارم کی درآمد پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی گئی، کلوروفارم کی درآمد صرف ادویہ ساز کمپنیوں کو قومی ریگولیٹری اتھارٹی کے اجازت نامے کے ساتھ ہو گی۔
اسی طرح شیشے بنانے والی کمپنی کی رعایتی گیس نرخ کی درخواست مسترد کر دی گئی، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے لیے ایک ارب 28 کروڑ روپے کی اضافی رقم منظور کر لی گئی اور کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی اخراجات کے لیے اضافی فنڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں ہاؤسنگ اور تعمیرات ڈویژن کے لیے 5 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پاسکو کو بند کرنے اور واجبات نمٹانے کے لیے خصوصی کمپنی بنانے کی منظوری دی گئی اور خصوصی کمپنی کے انتظامی اور مالی معاملات طے کر دیے گئے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے لیے پنشن اور طبی اخراجات کے سلسلے میں بجٹ ایلوکیشن جاری کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔