وزیرِ اعظم کا دورہ سعودی عرب مکمل، اقتصادی تعلقات کے نئے باب کا آغاز
اشاعت کی تاریخ: 29th, October 2025 GMT
— فائل فوٹو
وزیراعظم شہباز شریف ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کی 9ویں کانفرنس میں شرکت اور دورہ سعودی عرب مکمل کرکے ریاض سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمٰن نے وزیراعظم شہباز شریف کو الوداع کیا جبکہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی تعاون کا فریم ورک کا آغاز کیا گیا، جو پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
اقتصادی تعاون کا فریم ورک تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے ’کیا انسانیت صحیح سمت پر گامزن ہے؟‘ کے موضوع پر کانفرنس میں پاکستانی موقف پیش کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے انسانی ترقی و فلاح و بہبود کے لیے عالمی اشتراک کی ضرورت پر زور دیا اور سعودی ولی عہد کے ترقی کے وژن اور دنیا میں ترقی کے اقدامات کی تعریف کی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر روشنی ڈالی اور گلوبل نارتھ اور گلوبل ساؤتھ کے ساتھ اشتراک پر زور دیا۔
وزیرِاعظم کی عالمی اقتصادی فورم کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو بورگا بغینڈے سے بھی ملاقات ہوئی۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
وزیرِ اعظم کی صدر ترکمانستان سے ملاقات، تجارتی و اقتصادی روابط مضبوط بنانے کا عزم
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے دو طرفہ ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے رواں برس کے آغاز پر ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستانی شہریوں کو ایران سے بحفاظت نکالنے کے لیے فراہم کیے جانے والے تعاون پر ترکمان قیادت اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے ترکمانستان کے ساتھ زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کا جغرافیہ مثالی ہے جسے ترکمانستان جنوبی ایشیاء اور اس سے باہر اپنی رسائی کو بڑھانے کے لیے استعمال کر کے بروئے کار لا سکتا ہے۔
ترکمانستان کی جانب سے پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر ترکمان صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کے عوام کے قومی رہنماء گربنگولی بردی محمدوف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے ترکمانستان کی عوام کے قومی رہنما اور صدر سردار بردی محمدوف کو آئندہ برس پاکستان کے سرکاری دورے کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
ترکمانستان کے صدر نے وزیرِ اعظم کے دورے اور امن و اعتماد کے بین الاقوامی فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔