لودھراں، 2013 کے اندھے قتل کا اشتہاری ملزم دبئی سے گرفتار، لاہور منتقل
اشاعت کی تاریخ: 21st, November 2025 GMT
لودھراں:
لودھراں پولیس نے 2013 میں دنیاپور کے علاقے چک 344 ڈبلیو بی میں شہری الطاف کے قتل کے کیس میں ملوث خطرناک اشتہاری ذوالفقار علی کو دبئی سے گرفتار کر کے لاہور منتقل کر دیا ہے۔
ترجمان پولیس لودھراں کے مطابق ذوالفقار علی قتل کی واردات کے بعد روپوش ہو کر بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔
مجرم کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کروایا گیا اور انٹرپول کی مدد سے دبئی میں موجودگی کا پتہ چلایا گیا۔ انٹرپول پولیس اور پنجاب پولیس کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں ملزم گرفتار ہوا۔
خصوصی ٹیم کے ذریعے ذوالفقار علی کو دبئی سے لاہور ایئرپورٹ لایا گیا اور وہاں اسے ایس ایچ او سٹی دنیاپور عمران عمر کے حوالے کیا گیا۔
ڈی پی او لودھراں کیپٹن (ر) علی بن طارق نے کہا کہ ضلعی پولیس اشتہاری مجرموں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اندرون و بیرون ملک اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے کسی بھی انتہائی اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راجن پور، کچے کے علاقے میں پولیس کا بڑے پیمانے پر آپریشن، مقابلہ جاری، ایک اشتہاری ڈاکو ہلاک، تین زخمی
راجن پور:کچے کے علاقے میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن شدت اختیار کر گیا ہے۔
ڈی پی او فاروق امجد کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جبکہ علاقے میں بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ پولیس کی فائرنگ سے ایک انتہائی مطلوب اشتہاری ڈاکو ہمزو عمرانی ہلاک ہوگیا ہے، جبکہ اس کے تین ساتھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس نے ڈاکوؤں کی کمین گاہ کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور فرار کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈاکو پولیس پر بھاری اسلحہ کا استعمال کررہے ہیں، تاہم پولیس اہلکار بھرپور حکمت عملی کے ساتھ آپریشن آگے بڑھا رہے ہیں۔
ڈی پی او فاروق امجد نے کہا کہ کچے کے علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے تک کارروائی جاری رہے گی۔