جہیز سے انکار، دلہا نے 1 کروڑ کا جہیز ٹھکرا کر مثال قائم کردی
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
بھارت (ویب ڈیسک) اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں ایک نوجوان دلہے کے غیر معمولی فیصلے نے سوشل میڈیا پر بھرپور داد سمیٹ لی ہے۔
شادی کی تقریب کے دوران دلہے نے دلہن کے اہل خانہ کی جانب سے دیا جانے والا 31 لاکھ بھارتی روپے (تقریباً ایک کروڑ پاکستانی روپے) کا جہیز لینے سے صاف انکار کرتے ہوئے محض ایک روپیہ قبول کیا، جسے صارفین جہیز کے خلاف ایک مضبوط اور باوقار پیغام قرار دے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اودھیش رانا کی شادی 22 نومبر کو شہاب الدین پور گاؤں کی رہائشی ادیتی سنگھ سے مقامی بینکوئٹ ہال میں انجام پائی۔ تلک کی رسم کے دوران دلہن کے اہل خانہ نے روایتی طور پر 31 لاکھ بھارتی روپے بطور جہیز پیش کیے، تاہم اودھیش نے سب کے سامنے ہاتھ جوڑ کر یہ رقم لینے سے انکار کردیا اور جہیز کے خلاف اپنا دو ٹوک مؤقف ظاہر کیا۔
اودھیش رانا نے بتایا کہ وہ ناگوا کے رہنے والے ہیں اور ان کا خاندان ہمیشہ سے جہیز کے رواج کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہمیں 31 لاکھ روپے دیے جا رہے تھے لیکن ہم نے وہ رقم واپس کردی۔ ہمارا ماننا ہے کہ جہیز کا نظام غلط ہے اور اسے مکمل طور پر ختم ہونا چاہیے۔‘‘
دلہے کا یہ بھی کہنا تھا کہ شادی جیسا پاکیزہ رشتہ کسی مالی بوجھ پر قائم نہیں ہونا چاہیے، اور نہ ہی کسی باپ کو اپنی بیٹی کی شادی کے لیے قرض لینے پر مجبور ہونا چاہیے۔ اودھیش نے مزید کہا کہ چونکہ ان کا رشتہ محض ایک روپے کی رسم پر قائم ہوا، اس سے زیادہ لینا وہ اخلاقی طور پر درست نہیں سمجھتے۔
اودھیش کے اس عمل نے تقریب میں موجود افراد سمیت سوشل میڈیا صارفین کو بھی بے حد متاثر کیا، اور اسے معاشرتی اصلاح کے لیے ایک جرأت مندانہ قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی، شادی کی تقریب میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق 7 زخمی
کراچی کے علاقے بلدیہ نمبر پانچ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ بچے سمیت سات افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ کرنے والا ملزم نشے میں تھا، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔
شادی کی تقریب میں فائرنگ سے جاں بحق شخص کی شناخت 35 سال کے نوروز خان کے نام سے ہوئی جو تقریب میں بطور مہمان شریک تھا، مقتول بلدیہ کا ہی رہائشی تھا۔
لیاری دھوبی گھاٹ سے شادی میں شریک عامر نامی شخص کا تقریب میں جھگڑا ہوگیا تو اس نے نشے میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے نوروز جاں بحق جبکہ بچے سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔
ملزم عامر واردات کے فوری بعد اپنی گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا، ملزم کے زیر استعمال گاڑی کو مشتعل افراد نے جلانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے گاڑی کو مشتعل افراد سے چھڑا کر تھانے منتقل کیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے پانچ سے زائد خول برآمد کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔