کراچی، شادی کی تقریب میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق 7 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
کراچی کے علاقے بلدیہ نمبر پانچ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ بچے سمیت سات افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ کرنے والا ملزم نشے میں تھا، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔
شادی کی تقریب میں فائرنگ سے جاں بحق شخص کی شناخت 35 سال کے نوروز خان کے نام سے ہوئی جو تقریب میں بطور مہمان شریک تھا، مقتول بلدیہ کا ہی رہائشی تھا۔
لیاری دھوبی گھاٹ سے شادی میں شریک عامر نامی شخص کا تقریب میں جھگڑا ہوگیا تو اس نے نشے میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے نوروز جاں بحق جبکہ بچے سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔
ملزم عامر واردات کے فوری بعد اپنی گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا، ملزم کے زیر استعمال گاڑی کو مشتعل افراد نے جلانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے گاڑی کو مشتعل افراد سے چھڑا کر تھانے منتقل کیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے پانچ سے زائد خول برآمد کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کراچی، پٹیل پاڑہ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی
کراچی:شہر قائد کے علاقے پٹیل پاڑہ دربند بازار کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر کے علاقے پٹیل پاڑہ دربند بازار کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے سول اسپتل منتقل کیا گیا ، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ عثمان ولد نیاز کے نام سے کی گئی۔
زخمی ہونے والے شخص کے سینے میں گولی لگی ہے حالت تشویشناک ہے ، جمشید کوارٹر پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔