ٹیکسلا پولیس، ایف آئی اے کارروائی، 2 بچے بازیاب، ماں کے حوالے
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
اسلام آباد(نیوزڈیسک)ٹیکسلا پولیس اور ایف آئی اے کی مشترکہ کارروائی کے دوران دو کمسن بچوں ارحم اور حیدر علی کو بازیاب کرا کے ان کی والدہ کے حوالے کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق دونوں بچے اور ان کے والدین امریکی شہریت رکھتے ہیں۔ تقریباً چھ ماہ قبل والد گھریلو رنجش کے باعث بچوں کو امریکا سے پاکستان لے آیا تھا، جس کے بعد والدہ نے بچوں کی تلاش شروع کی۔
بچوں کی پاکستان موجودگی کا سراغ ملتے ہی والدہ غوثیہ پاکستان پہنچیں اور لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں بچوں کی حوالگی کے لیے درخواست دائر کی۔ عدالت نے درخواست گزار کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے بچوں کی بازیابی اور والدہ کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔
عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس اور ایف آئی اے نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر اسلام آباد میں کارروائی کی اور دونوں بچوں کو بازیاب کرا دیا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سندھ ہائیکورٹ نے غنی امان چانڈیو اور سرمد میرانی کی درخواست مسترد کر دی
سندھ ہائیکورٹ نے غنی امان چانڈیو اور سرمد میرانی کے خلاف دھماکا خیز مواد رکھنے کے مقدمے کو ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مقدمہ ختم کرنے کی درخواست قبول نہیں کی جا سکتی، اور دونوں ملزمان کے خلاف کیس جاری رہے گا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ دونوں ملزمان کو پہلے غیر قانونی طور پر لاپتا کیا گیا، غنی امان چانڈیو کو اسپتال سے اور سرمد میرانی کو گھر سے اٹھایا گیا۔ بعد ازاں ان کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ دائر کیا گیا اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا۔
ابتدائی طور پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں کو مقدمے سے بری کر دیا تھا، تاہم سندھ ہائیکورٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سی ٹی ڈی کو ریمانڈ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی۔
اب دونوں ملزمان عدالتی ریمانڈ پر جیل میں موجود ہیں اور مقدمہ کی کارروائی جاری رہے گی۔