فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مصری وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کی ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
- فوٹو: آئی ایس پی آر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور مصر کے برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاع اور سیکیورٹی تعاون، عسکری روابط، ٹریننگ کے اشتراک اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ جنگ بندی معاہدے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، تنازع فلسطین کا دو ریاستی حل ہی قابل عمل اور پائیدار ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے دفاع اور وسیع تر اسٹریٹجک شعبوں میں ہم آہنگی کو مزید مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مصر کے وزیرِ خارجہ نے مصری قیادت کی جانب سے نیک خواہشات بھی پہنچائیں، مصر نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے کہا کہ فریقین نے بدلتی علاقائی سیکیورٹی صورتِ حال کے تناظر میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پاکستانی اور مصری وزرائے خارجہ کی ملاقات، سکیورٹی و دفاعی تعلقات مزید مضبوط کرنے کا اعادہ
پاکستانی اور مصری وزرائے خارجہ کی وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ سے بردرانہ تعلقات رہے ہیں۔ مصر اور پاکستان کی دوستی عالمی سطح پر جانی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دونوں اپنے سفارتی، معاشی، تجارت، کاروبار، سکیورٹی اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔
اس موقع پر مصری وزیر خارجہ بدر احمد محمد نے پاکستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں اسلام آباد اور پشاور میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں سے تعزیت اور اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف پاکستان کی جنگ میں اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصر اور پاکستان دونوں کو معیشت، سکیورٹی اور سیاسی نقشے کے حوالے سے ایک جیسے ہی چیلنجز کا سامنا ہے جس پر ہمیں مِل کر کام کرنا ہوگا۔
مصری وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ استحکام، امن اور ترقی دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات میں ستون کی مانند رکھتے ہیں۔