فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مصری وزیر خارجہ کی ملاقات؛ دفاعی تعاون پر گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
راولپنڈی:
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے اہم ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون پر گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں شخصیات نے پاکستان اور مصر کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا، جس میں بالخصوص دفاعی و سیکیورٹی تعاون، عسکری سطح پر رابطے، تربیتی اشتراک اور علاقائی امن و استحکام پر توجہ مرکوز رہی۔
گفتگو کے دوران دونوں ممالک نے دفاع اور اسٹریٹجک شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مصری وزیر خارجہ نے فیلڈ مارشل کو ملکی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات بھی پہنچائیں اور پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے میں مصر کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
اہم ملاقات میں دونوں جانب سے اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ علاقائی سیکیورٹی کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل انتہائی اہم ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مصری وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، ملاقاتوں کی تفصیلات جاری
اسلام آباد: (نیوزڈیسک) وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے 29 سے 30 نومبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار سے ون آن ون اور وفد کی سطح پر ملاقاتیں کیں، پاکستان اور مصر کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا گیا جس میں سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں تعاون اور ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے مصر کی معاونت کا اعتراف کیا گیا، دونوں ممالک نے نجی شعبے کے تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، پہلے مرحلے میں 250 اور دوسرے مرحلے میں 500 پاکستانی بزنس ہاؤسز کی نشاندہی کا فیصلہ کیا گیا۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان-مصر بزنس کونسل کے قیام پر دونوں وزرائے خارجہ کا اتفاق ہوا، پاکستان-مصر بزنس فورم 2026 کی دوسری سہ ماہی میں منعقد ہوگا، بزنس فورم JMC اجلاس کے موقع پر قاہرہ میں ہو گا، مشترکہ وزارتی کمیشن کی سربراہی دونوں وزرائے خارجہ کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ ادارہ جاتی میکنزم فعال کرنے کے لیے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں سینئر حکام کا اجلاس ہوگا، جامعہ الازہر کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے سکالرشپس دُگنا کرنے کا اعلان بھی کیا گیا، پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد کے لیے مصر کے کردار کو سراہا۔
اِسی طرح دونوں ممالک نے آزاد و خودمختار ریاستِ فلسطین کی حمایت کا اعادہ کیا، مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی، صدر نے پاکستان-مصر تاریخی تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ صدر مملکت نے غزہ کی صورتِ حال پر مصر کے سفارتی کردار کو بھی سراہا، مصری وزیر خارجہ نے فیلڈ سید مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں دفاعی تعاون، تربیت اور علاقائی سکیورٹی پر گفتگو ہوئی۔
علاوہ ازیں دونوں ممالک نے مسلح افواج کے اعلیٰ سطحی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا، ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے پاکستانی کاروباری برادری سے بھی ملاقات کی اور تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔