پاکستان کی چار رکنی ٹیم آئی ٹی ایف سینئرز ٹینس چیمپئن شپ کیلئے کل تھائی لینڈ روانہ ہوگی
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
لاہور:
پاکستان کی چار رکنی ٹیم آئی ٹی ایف ورلڈ ماسٹر سینئرز ٹینس چیمپئن شپ میں حصہ لے گی، وقار نثار کی قیادت میں پاکستان ٹیم کل تھائی لینڈ روانہ ہوگی۔
لاہور جم خانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وقار نثار کا کہنا تھا کہ 70 پلس ایج گروپ میں وقار نثار، 60 پلس ایج گروپ میں رشید ملک جبکہ 55 پلس ایج گروپ میں خرم امتیاز اور فرقان الدین خان کا انتخاب کیا گیا ہے۔
آئی ٹی ایف سینئر چیمپیئن شپ کا پہلا ایونٹ چھ سے بارہ اور دوسرا 13 سے 19 دسمبر تک تھائی لینڈ میں ہورہا ہے۔
منتخب کردہ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں زیادہ تر یورپین سینئر کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔پاکستانی سینئر کھلاڑی مینز سنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور، وردی کا وقار داؤ پر، پولیس اہلکار یوٹیوبرز کے آلہ کار بن گئے
لاہور:لاہور میں وردی کا رعب، سوشل میڈیا کی شہرت اور یوٹیوبرز کی شرارتیں اس وقت ایک خطرناک مرکب بن گئیں جب مشہور یوٹیوبر ذوالقرنین سکندر کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں باوردی پولیس اہلکار اس کے پرینک شو کا حصہ بنتے نظر آئے۔
یوٹیوبر نے اپنے دوستوں پر سنسنی خیز پرینک کرنے کی ٹھانی اور اس مقصد کے لیے ناکے پر تعینات پولیس اہلکاروں کو بھی کھیل میں شامل کر لیا۔
حیران کن طور پر اہلکار یوٹیوبر کے کہنے پر فوراً کاروائی میں شریک ہوگئے اور اس کے ساتھ اس کے دوستوں کے فلیٹ تک پہنچ گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یوٹیوبر نے اہلکاروں کو کہا کہ میرے بھائی اور دوستوں کے فلیٹ پر ریڈ کرو اور انہیں تھپڑ مارو اور باوردی اہلکار واقعی اس ہدایت پر عمل کرتے بھی نظر آئے۔
پولیس اہلکار نہ صرف نوجوانوں پر جھوٹی جوا بازی کا الزام لگاتے رہے بلکہ انہیں تھانے لے جانے کی دھمکیاں دے کر ہراساں بھی کیا۔
یوٹیوبر پورے واقعے کی ویڈیو بناتا رہا جبکہ اہلکار اس کے اسکرپٹ کے مطابق حرکتیں کرتے رہے۔
اسلحہ اٹھائے پولیس اہلکاروں کی اس پرینک ٹیم میں شمولیت نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو تیزی سے وائرل ہے اور عوام سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا وردی کا وقار اب یوٹیوبرز کی ریٹنگز کے لیے استعمال ہوگا؟