انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی ایم کیو ایم لسانی سیاست سے باز نہیں آئی، سعدیہ جاوید
اشاعت کی تاریخ: 10th, December 2025 GMT
فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ چند شر پسند عناصر کی وجہ سے پوری کمیونٹی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، کراچی سمیت پورے سندھ میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ اسلام ٹائمز۔ ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھی ایم کیو ایم لسانی سیاست سے باز نہیں آئی۔ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ کا اصل مسئلہ صبح 11 بجے والی پریس کانفرنس کا سلاٹ ہے، یہ لوگ بغیر کسی ایشو کے بھی میڈیا پر آنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھی کلچرل ڈے پُرامن رہا اور تمام حالات مکمل طور پر کنٹرول میں تھے، قانون توڑنے والوں کو روکا اور شرپسند عناصر کو گرفتار کیا، ایف آئی آر کے بعد معاملہ عدالت میں جاتا ہے اور قانونی کارروائی ہوتی ہے، معزز عدالت کی جانب سے رہائی کا معاملہ فاضل عدالت کا اختیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چند شر پسند عناصر کی وجہ سے پوری کمیونٹی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، کراچی سمیت پورے سندھ میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ سعدیہ جاوید نے کہا کہ ایم کیو ایم شاید ماضی کو بھول گئی، 12 مئی کے واقعات سب کے سامنے ہیں، اس روز جو ہوا وہ بھی سب جانتے ہیں، علی خورشیدی کی پریس کانفرنس کی زبان اپوزیشن لیڈر کی نہیں یونٹ کارکن کی لگتی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان اس نعرے کی سب سے بڑی وکیل اور دعویدار پیپلز پارٹی ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پریس کانفرنس ایم کیو ایم نے کہا کہ
پڑھیں:
ہر شہری کی عزت و حقوق کا تحفظ ریاست کی پہلی ذمہ داری، انسانی حقوق کے عالمی دن پر صدر کا پیغام
اسلام آباد:انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہر فرد کی عزت، مساوات اور انصاف کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حکومت پاکستان انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ اسلام مذہبی و سماجی مساوات، انسانی وقار اور احترامِ انسانیت پر زور دیتا ہے جبکہ آئینِ پاکستان ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور آزادیوں کی ضمانت دیتا ہے۔
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ہم آہنگی، وقار اور مساوات کی بنیاد پر قائم ریاست کے طور پر تصور کیا تھا۔
صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں کمزور اور پسماندہ طبقات خصوصاً خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں برداشت، احترام اور باہمی وقار کا ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ انسانی حقوق کے فروغ کے لیے سول سوسائٹی، تمام اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کو اس دن کو عالمی سطح پر منانے اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے کئے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
آخر میں انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ انسانی وقار کے تحفظ، مساوات کے فروغ اور خوف، جبر و امتیاز سے پاک معاشرہ قائم کرنے کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے ہماری کوششوں کو کامیاب فرمائے۔