10مئی کے بعد پوری دنیا میں ایک توانا اور طاقتور پاکستان ابھر کر سامنے آیا ہے
اشاعت کی تاریخ: 17th, May 2025 GMT
ایبٹ آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 17 مئی 2025ء ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کشمیر پر ”ادھر ہم ادھر تم“ کی ثالثی قبول نہیں ہو گی، حکومت کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ دنیا بھر میں پوری طاقت سے لڑے، جذبہ جہاد نے قوم کو متحد کر دیا، حکومت کی ذمہ داری ہے قومی یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے، 10مئی کے بعد پوری دنیا میں ایک توانا اور طاقتور پاکستان ابھر کر سامنے آیا ہے، بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر بات کی جائے، امریکا کا بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔
اسرائیل کو واضح پیغام دیا جائے کہ غزہ میں ظلم بند کرے، اسرائیل مٹے گا، فلسطین قائم و دوائم رہے گا۔ایبٹ آباد میں عظیم الشان دفاع پاکستان و غزہ یکجہتی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت کا کہنا تھا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں ہندوستان نے تکبر جب کہ پاکستان نے تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوتوا کے پیروکاروں کا غرور خاک میں ملا دیا، اب مذاکرات کا عمل شروع ہونے جا رہا ہے، ہمیں دیکھنا ہو گا کہ ثالثی کون کر رہا ہے۔(جاری ہے)
یاد رکھا جائے کہ امریکا اپنے مفادات کا اسیر اور مسلمانوں کا دشمن ہے، امریکا غزہ میں صہیونی ظلم کی حمایت کر رہا ہے، اس سے خیر کی توقع نہیں۔ واشنگٹن اگر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرائے تو ٹھیک بصورت دیگر اس کی ثالثی کو قبول نہ کیا جائے۔ حکمران یاد رکھیں کہ آدھا کشمیر جہاد سے آزاد ہوا، بقیہ بھی جہاد سے ہی آزاد ہو گا۔ جذبہ جہاد نے قوم کو متحد کیا، وزیراعظم اور آرمی چیف اسلام کی بنیادوں پر ہی قوم کو متحد کریں۔امیر جماعت نے کہا کہ حکومت خطے میں مضبوط بلاک بنائے، چین، روس، ایران اور افغانستان کو اس بلاک میں شامل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو کشمیر اور فلسطین پر عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات ضرور کریں تاہم اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہ ہٹا جائے۔ پاکستان نے حالیہ جنگ میں اسرائیل، امریکا اور فرانس کی ٹیکنالوجی کو شکست دی ہے، غزہ میں حماس کے مجاہدین نے جذبہ ایمانی سے دنیا کی جدید ٹیکنالوجی کو خاک میں ملا دیا۔ دنیا میں نیا نظام وضع ہونے جا رہا ہے اور یہ نظام اسلام کا نظام ہے، کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا، اسرائیل مٹے گا اور فلسطین قائم و دائم رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم کی بڑی وجہ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کی خاموشی ہے، امت بیدار ہے، مغرب میں بھی اسرائیل کے خلاف شدید نفرت پائی جاتی ہے، تاہم حکمران بے حمیت ہو چکے ہیں، ان حالات میں ضروری ہے کہ پاکستان بڑا قدم اٹھانے اور غزہ میں ظلم کے خاتمے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے۔امیر جماعت نے مزید کہا کہ امریکا، بھارت اور اسرائیل شیطانِ ثلاثہ ہیں۔ بھارت کشمیر میں وہی کچھ کر رہا ہے جو اسرائیل غزہ میں کر رہا ہے۔ ایک اکھنڈ بھارت تو دوسرا گریٹر اسرائیل کا خواب دیکھ رہا ہے، دونوں نیست و نابود ہوں گے۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی حکومت سے سیاسی اختلاف کرے گی تاہم ملک پر کوئی امتحان آئے تو حکومت کا ساتھ دیا جائے گا۔ ہم سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے، جماعت اسلامی تربیت کا کام بھی جاری رکھے گی، ہم صرف عوام سے اتحاد کریں گے اور پاکستان کو ان حکمرانوں سے نجات دلائیں گے جو برس ہا برس سے عوام پر ظلم کر رہے ہیں۔دفاع پاکستان و غزہ یکجہتی مارچ میں عوام نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی اور دیگر راہنماؤں نے بھی مارچ سے خطاب کیا۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے جماعت اسلامی کر رہا ہے نے کہا کہ
پڑھیں:
بھارتی گمراہ کن مؤقف دنیا نے تسلیم نہیں کیا، مودی کی سیاست دم توڑ رہی ہے، وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی گمراہ کن مؤقف دنیا نے تسلیم نہیں کیا، اب مودی کی سیاست دم توڑ رہی ہے۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے حالیہ اجلاس میں بھارت کی جھوٹی تشہیر اور گمراہ کن مؤقف کو کسی بھی ملک نے تسلیم نہیں کیا، جب کہ پاکستان کا نقطہ نظر عالمی سطح پر سراہا گیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران ماحول خوشگوار اور غیر متنازع رہا، تمام کارروائی تنظیم کے قواعد و ضوابط کے تحت انجام دی گئی۔ اجلاس میں کسی ملک کو دوسرے کی تقریر پر تنقید کرنے یا جوابی مؤقف پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے باعث بھارتی وزیر دفاع کو موقع نہیں ملا کہ وہ پاکستان کے مؤقف کو چیلنج کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم پر موجود تمام رکن ممالک نے پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے لیا اور اس سے اتفاق کیا، جب کہ بھارت اپنی روایت کے مطابق ایک بار پھر جھوٹ پر مبنی بیانیہ لے کر آیا مگر وہ قابل قبول نہیں رہا۔
سندھ طاس معاہدے سے متعلق سوال پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فریق اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس وقت ضد اور ہٹ دھرمی پر اتر آیا ہے کیونکہ اسے ماضی کی جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مودی حکومت اب اپنے سیاسی زوال کو چھپانے کے لیے جھوٹے بیانیے کا سہارا لے رہی ہے، مگر سچائی چھپ نہیں سکتی اور بھارتی وزیر اعظم کی سیاست اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ امن اور حقائق کی بات کی ہے اور اس بار بھی SCO میں ہماری سچائی کو تسلیم کیا گیا، جب کہ بھارت کو ایک بار پھر عالمی سطح پر خفت اٹھانا پڑی۔