جشن یوم آزادی، ہوائی فائرنگ سے کمسن بچی سمیت 3 افراد جاں بحق، 114 افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 14th, August 2025 GMT
کراچی:
شہر میں یوم جشن آزادی کے موقع پر 13 اگست کی شب رات بارہ بجتے ہی شہر میں اسلحے کے بے دریغ استعمال اور اس کے نتیجے میں 114 شہریوں کے زخمی اور بچی اور بزرگ شہری سمیت 3 افراد زندگی سے محروم ہوگئے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یوم جشن آزادی کے موقع پر شہر میں کی گئی ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والے سب سے زیادہ 43 افراد کو عباسی شہید اسپتال لایا گیا، عزیز آباد سے ایک کمسن بچی جاں بحق ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ جناح اسپتال میں مجموعی طور پر 41 زخمیوں کو لایا گیا، کورنگی میں شہری اسٹیفن فائرنگ سے جاں بحق ہوا، سول اسپتال میں مجموعی طور پر 30 زخمیوں کو لایا گیا، کلری کے علاقے آگرہ تاج میں بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 70 سالہ شہری جمعہ جاں بحق ہوئے۔
ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ رات شہر میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 67 افراد زخمی ہوئے اور 3 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ہوائی فائرنگ کے الزام میں 86 شرپسند عناصر کو گرفتار کرلیا، 68 غیر قانونی اسلحہ برآمد کر کے مجموعی طور پر 111 مقدمات درج کیے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ معصوم شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر قتل اور اقدام قتل کے مزید مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہوائی فائرنگ
پڑھیں:
کراچی؛ شہری کی بہادری، ڈکیٹ کا پستول چھین کر فائرنگ، ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار
کراچی:شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں ڈکیتی کی کوشش ناکام ہوگئی۔
شہری نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکو کا پستول چھین کر اسی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ڈاکو زخمی ہوگیا جب کہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
واقعہ بھٹائی آباد کی گلی نمبر 6 میں پیش آیا، جہاں عرفان نامی شہری اپنی اہلیہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گھر پہنچا ہی تھا کہ گھر کی دہلیز پر 2 مسلح ڈاکوؤں نے اُنہیں لوٹنے کی کوشش کی۔
ایس ایچ او ملیر کینٹ آغا رشید کے مطابق شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ملزم سے پستول چھین کر فائرنگ کی، جس سے ڈاکو زخمی ہوگیا اور اسے موقع پر ہی قابو کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ملزم کو حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
گرفتار زخمی ڈاکو کی شناخت حیدر خان کے نام سے کی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے اور اس کے مفرور ساتھی کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔