باجوڑ میں کلاوڈ برسٹ سے 9 جبکہ مانسہرہ میں سیلابی ریلے کے حادثے میں 2 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقہ سلارزئی میں 14 اور 15 اگست کی درمیانی رات اچانک شدید کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
کئی گھر منہدم ہو گئے جبکہ ریسکیو 1122 اہلکاروں نے مقامی افراد کے تعاون سے اب تک 9 ہلاک شدگان اور 4 زخمیوں کو ملبے اور پانی سے نکال کر فوری طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کردیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، اور مقامی افراد کے مطابق اب بھی قریباً 17 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر باجوڑ اور ضلعی حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن کی ذاتی نگرانی کر رہے ہیں۔
صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر بھی روانہ کیا گیا تاکہ امدادی کارروائیوں کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے دیر اور سوات سمیت تمام متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔
دوسری جانب، مانسہرہ کے علاقے بسیاں میں سیلابی ریلے کے باعث ایک مہران کار بہہ گئی۔ ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی غوطہ خور ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔
گاڑی میں 6 افراد سوار تھے جن میں سے 3 کو موقع پر زندہ بچا لیا گیا، 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔
جاں بحق ہونے والوں میں میر حمزہ (30 سال) اور اسد (25 سال) شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والا مانی (20 سال) ہے۔
ریسکیو 1122 مانسہرہ نے امدادی کارروائیاں بروقت مکمل کر کے متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بسیاں خیبر پختونخوا ڈپٹی کمشنر باجوڑ سلارزئی ضلع باجوڑ علی امین گنڈاپور کلاوڈ برسٹ مانسہرہ مہران کار بہہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بسیاں خیبر پختونخوا ڈپٹی کمشنر باجوڑ سلارزئی ضلع باجوڑ علی امین گنڈاپور کلاوڈ برسٹ مہران کار بہہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا خیبر پختونخوا
پڑھیں:
صدر اور وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین
آصف علی زرداری نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیاں ملک میں امن کے قیام کیلئے ریاست کے عزم کی عکاس ہیں، پاکستان کی سرزمین پر غیر ملکی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام ٹائمز۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ اور بنوں میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کیا اور کہا کہ بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں خوارج سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کا مارا جانا امن دشمن عناصر کیلئے واضح پیغام ہے۔ بنوں میں ایک اور کارروائی میں بارہ خوارج کے انجام کو پہنچنے پر صدر زرداری نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ صدر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیاں ملک میں امن کے قیام کیلئے ریاست کے عزم کی عکاس ہیں، پاکستان کی سرزمین پر غیر ملکی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ اور بنوں میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔ وزیراعظم آپریشنز میں فتنتہ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی اور کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔