صدی کی دریافت نے ایک بار پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ زمین اپنی تہوں میں کبھی خاموش نہیں رہتی۔ وہ ہمیشہ ایسے راز سنبھالے رکھتی ہے جو ایک نہ ایک دن انسان کی آنکھوں کو حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔
یوروگوئے کے دارالحکومت مونٹیویڈیو میں بھی یہی ہوا۔ محض ایک معمولی تعمیراتی منصوبہ، یعنی میوزیو ہسٹوریکو کابیلدو میں لفٹ لگانے کا کام، اچانک اس قدر بڑی دریافت کا سبب بن جائے گا، یہ کسی نے سوچا نہ تھا۔ لیکن مزدوروں کے اوزار زمین کی ان گہری تہوں کو چھو گئے جہاں صدیوں پرانی تہذیب اپنی خاموش گواہیاں سنبھالے بیٹھی تھی۔
یہ دریافت محض نوآبادیاتی اینٹوں یا چند ٹوٹی پھوٹی اشیاء کا انبار نہیں بلکہ ایک جیتی جاگتی تاریخ ہے جو ہمیں یہ بتاتی ہے کہ انسانی زندگی پانی کے گرد کس طرح گھومتی رہی ہے۔ آثارقدیمہ کی ماہر نیکول دے لیون اور ان کی ٹیم نے جو ڈھانچے اور نوادرات برآمد کیے، ان سے یہ بات کھل کر سامنے آئی ہے کہ نوآبادیاتی دور سے لے کر یوروگوئے کی آزادی کے ابتدائی برسوں تک پانی ہی اصل محور تھا۔ مونٹیویڈیو چوںکہ قلعہ بند شہر تھا، اس لیے جب کبھی دشمن کا حملہ ہوتا یا محاصرہ کیا جاتا تو شہر کا بیرونی دنیا سے رشتہ منقطع ہوجاتا۔ ایسے وقتوں میں بقا کا دارومدار صرف داخلی آبی ذخائر پر ہوتا تھا۔
یہاں دریافت ہونے والا قدیم آبی ماخذ، جسے ’’فاؤنٹین آف لائف‘‘ کہا گیا، اپنی نوعیت کا منفرد سرمایہ ہے۔ یوروگوئے کی نائب وزیرِتعلیم و ثقافت انا ریبیرو کے مطابق، اُس وقت ہر چشمہ اور ہر کنواں ایک حکمتِ عملی کی لکیر تھا۔ وہ محض سہولت نہیں بلکہ شہری دفاع کا ستون تھے، جس شہر کے پاس پانی تھا، وہ زندہ رہتا، اور جس شہر سے پانی چھن جاتا، وہ شکست کھا جاتا۔
دل چسپ امر یہ ہے کہ مونٹیویڈیو کے مختلف چشموں کے بارے میں مقامی لوگوں کے الگ الگ عقائد تھے۔ مغربی چشمے زیادہ صاف اور میٹھے پانی کے سبب اعلیٰ سمجھے جاتے تھے۔
انہی سے متعلق ایسی داستانیں جنم لیتی تھیں کہ کچھ پانی معجزاتی تاثیر رکھتا ہے۔ لوئیس ماسکاریناس، جو ابتدائی آبادکاروں میں شامل تھے، کا چشمہ اس حوالے سے سب سے زیادہ شہرت یافتہ تھا۔ کہا جاتا تھا کہ اس کا پانی بیماریوں کو دور کرتا اور انسان کی توانائی بحال کرتا ہے۔ آج جب ماہرین اس نئی دریافت کو اُس مشہور چشمے کے ساتھ جوڑتے ہیں تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا واقعی یہ وہی چشمہ ہے جس کی داستانیں صدیوں سے زبان زدِعام ہیں؟ اگر یہ درست نکلے تو یہ دریافت صرف آثارِقدیمہ نہیں بلکہ ایک تہذیبی وراثت کی بازیافت ہوگی۔
لیکن یہ معاملہ صرف پانی کی فراہمی یا معجزاتی کہانیوں تک محدود نہیں رہتا۔ برآمد شدہ ڈھانچے ہمیں اُس وقت کے معاشرتی فرق، صفائی کے طریقوں، خوراک کے ذرائع اور طبقاتی امتیازات کی جھلک بھی دکھاتے ہیں۔ پانی کی تقسیم ہمیشہ طاقت کا کھیل رہا ہے۔ جس کے پاس پانی کا اختیار ہوتا، وہ سماج پر حکم رانی کرتا۔ آج بھی یہی حقیقت دنیا کے بیشتر خطوں میں نظر آتی ہے۔
اگر ہم وسیع تر تناظر میں دیکھیں تو لاطینی امریکا کی نوآبادیاتی سیاست بھی پانی اور قدرتی وسائل کے گرد گھومتی رہی۔ یورپی نوآبادکار جب نئی دنیا میں آئے تو ان کی پہلی ترجیح ہمیشہ پانی کے قریب بستیاں بسانا تھی۔ اسپین، پرتگال اور بعد ازاں برطانیہ و فرانس نے جب لاطینی امریکہ میں اپنے قدم جمائے تو وہ جانتے تھے کہ پانی کے بغیر ان کے قلعے اور تجارتی مراکز زیادہ دیر زندہ نہیں رہ سکتے۔
یہی وجہ ہے کہ ریو دے لا پلاٹا جیسے خطے میں پانی کے ذرائع کو سنبھالنے کے لیے شدید مسابقت رہی۔ مقامی باشندوں کی زمینیں ہتھیائی گئیں، چشمے اور دریا ان کے ہاتھ سے چھین لیے گئے، اور نوآبادیاتی قوتوں نے اپنی بالادستی کے لیے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیا۔
یوروگوئے کی حالیہ دریافت اسی نوآبادیاتی تناظر کو پھر سے زندہ کرتی ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ پانی محض ایک قدرتی نعمت نہیں بلکہ ایک تاریخی وسیلۂ طاقت ہے، جس معاشرے نے اسے بہتر طور پر منظم کیا، وہ ترقی کرگیا۔ جس نے اسے ضائع کیا یا اس کی ناانصافی سے تقسیم کی، وہ زوال پذیر ہوا۔
اگر ہم ماضی سے حال کی طرف پلٹیں تو یہ دریافت ایک اور بڑی حقیقت کو بھی عیاں کرتی ہے۔ آج اکیسویں صدی میں جب ہم سائنسی ترقی، ٹیکنالوجی اور جدید شہروں کے قصے سناتے ہیں، تب بھی صاف پانی تک رسائی ایک عالمی بحران ہے۔ اقوامِ متحدہ کی رپورٹوں کے مطابق دنیا کی ایک بڑی آبادی اب بھی محفوظ پانی سے محروم ہے۔ افریقہ کے صحراؤں سے لے کر ایشیا کے شہروں تک، پانی کا مسئلہ بدستور انسانیت کو اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہے۔
مونٹیویڈیو کا یہ چشمہ ہمیں بتاتا ہے کہ ماضی کے لوگ بھی انہی چیلینجوں سے دوچار تھے۔ وہ اپنے قلعے کے اندر پانی کے ذخائر کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے تھے۔ اور آج کے انسان کے لیے بھی صورت حال زیادہ مختلف نہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اُس وقت محاصرہ دشمن فوج کرتی تھی اور آج کا محاصرہ ماحولیاتی تبدیلی، آلودگی اور غیرمساوی تقسیم نے کر رکھا ہے۔
یہ دریافت ایک اور نکتہ بھی اجاگر کرتی ہے کہ انسان ہمیشہ پانی کو محض حیاتیاتی ضرورت نہیں سمجھتا رہا۔ اُس نے اسے روحانی اور تہذیبی معنی بھی دیے۔ کسی چشمے کو معجزاتی کہا گیا، کسی کو تقدس بخشا گیا، اور کسی کو زندگی کا سرچشمہ قرار دیا گیا۔ آج کے دور میں بھی پانی کی یہی حیثیت برقرار ہے۔ ہم اسے محض ایک سائنسی کیمیکل H2O نہیں کہہ سکتے، یہ ایک تہذیبی علامت ہے، ایک بقا کا استعارہ ہے۔
اس دریافت کی روشنی میں ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ مستقبل کے شہروں کی منصوبہ بندی کس بنیاد پر کی جائے۔ کیا ہم پانی کے ماخذوں کو محفوظ بنا رہے ہیں؟ کیا ہم دریاؤں، جھیلوں اور زیرِزمین ذخائر کو بچا پا رہے ہیں؟ یا ہم بھی اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک ایسا بحران چھوڑ رہے ہیں جس کا حل شاید اُن کے پاس بھی نہ ہو؟
مونٹیویڈیو کے زیرِزمین دفن یہ کنویں اور چشمے ہمیں خاموش زبان میں یہی سبق دیتے ہیں کہ تاریخ ہمیشہ مٹی میں چھپی رہتی ہے لیکن وقتاً فوقتاً ہمیں آئینہ دکھانے کے لیے سامنے آ جاتی ہے۔ یہ آئینہ محض ماضی کا نہیں بلکہ حال اور مستقبل کا بھی ہے۔
یوروگوئے کی اس دریافت نے ایک بار پھر انسان کو یاد دلایا ہے کہ زندگی کا اصل محور پانی ہے۔ تہذیبیں اسی کے گرد ابھرتی اور ڈوبتی ہیں۔ چاہے وہ نوآبادیاتی مونٹیویڈیو ہو یا آج کا جدید شہر، انسان کی کہانی ہمیشہ پانی کے ساتھ جڑی رہے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نوا بادیاتی یہ دریافت نہیں بلکہ پانی کے کے لیے
پڑھیں:
چینی چڑیا گھر میں جانور گرمی کی شدید لہر سے کیسے محفوظ رہتے ہیں؟
چین کے جنوب مغربی شہر چونگ چنگ میں شدید گرمی کے پیش نظر چونگ چنگ چڑیا گھر نے جانوروں کو محفوظ اور آرام دہ رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ پانڈا، ہاتھی، دریائی گھوڑوں اور دیگر جانوروں کو ٹھنڈے پانی، پھلوں اور جدید کولنگ سسٹمز کے ذریعے گرمی سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے شِنہوا کے مطابق چونگ چنگ چڑیا گھر میں دیوقامت پانڈا، ہاتھی، دریائی گھوڑے اور دیگر جانوروں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے ٹھنڈے پانی کے تالاب، مصنوعی بارش (مسٹنگ سسٹم)، سایہ دار مقامات اور خصوصی خوراک کا انتظام کیا گیا ہے۔
چڑیا گھر میں موجود دیوقامت پانڈا دن کے گرم اوقات میں پانی کے تالابوں میں وقت گزار رہے ہیں، جبکہ ان کے باڑوں میں مسلسل پانی کی باریک پھوار چلائی جا رہی ہے تاکہ درجہ حرارت کم رکھا جا سکے۔
اسی طرح دریائی گھوڑوں اور ہاتھیوں کو جسمانی درجہ حرارت متوازن رکھنے کے لیے تربوز اور دیگر پانی سے بھرپور پھل کھلائے جا رہے ہیں، جبکہ ان کے لیے نہانے اور پانی میں رہنے کے اضافی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پانڈا نسبتاً ٹھنڈے موسم کے جانور ہیں اور شدید گرمی ان کی صحت، خوراک اور روزمرہ سرگرمیوں پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔ اسی وجہ سے چین کے مختلف چڑیا گھروں میں موسمِ گرما کے دوران کولنگ سسٹمز، برف کے بلاکس، ایئر کنڈیشنڈ انڈور حصوں اور پانی سے بھرپور غذا کا استعمال معمول کا حصہ بن چکا ہے۔
چونگ چنگ چین کے گرم ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں موسمِ گرما میں درجہ حرارت اکثر 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب یا اس سے بھی زیادہ پہنچ جاتا ہے۔ حالیہ برسوں میں شدید گرمی کی لہروں کے باعث مقامی انتظامیہ نے نہ صرف شہریوں بلکہ جنگلی اور قید جانوروں کے تحفظ کے لیے بھی خصوصی منصوبے نافذ کیے ہیں۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما کے دوران جانوروں کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ضرورت کے مطابق ان کے ماحول، خوراک اور طبی نگہداشت میں تبدیلیاں کی جاتی ہیں تاکہ شدید گرمی کے باوجود انہیں کسی قسم کی تکلیف یا صحت کے خطرات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں